میڈیا والوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،وزیراعظم

96

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میڈیا صنعت سے وابستہ افراد کے مسائل کا بخوبی احساس ہے ان کا حل اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی وزیر اعظم برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی وزیراعظم برائے میڈیا امور یوسف بیگ مرزا، صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام بخاری ، سینٹر فیصل جاوید اور وزیر اعظم کے سیکرٹری نے شرکت کی۔معاون خصوصی وزیر اعظم برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم کو میڈیا صنعت کے مسائل سے آگاہ کیا جب کہ اجلاس میں پاکستان براڈکاسٹنگ ایسوسی ایشن اور آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے واجبات کے معاملات بھی تفصیلی طور پرزیر بحث آئے۔وزیرا عظم نے ہداییت کی کہ واجبات کی ادائیگیوں کے حوالے سے وزارت اطلاعات پی بی اے اور اے پی این ایس کے نمائندگان کے ساتھ فوری مشاورت کرے اورعید سے پہلے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں جب کہ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات اس عمل کی ذاتی طور پر خود نگرانی کریں۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار رائے کے آئینی اور بنیادی حق پر کامل یقین رکھتے ہیں۔آزاد اور ذمہ دار صحافت کا فروغ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ناگریز ہے۔ مجھے میڈیا صنعت سے وابستہ افراد کے مسائل کا بخوبی احساس ہے ، ان کا حل اولین ترجیح ہے۔علاوہ ازیںوزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت سرمایہ کاری دوست پالیسیوں اور عوامی توجہ کی حامل حکمت ہائے عملی کے ذریعے موجودہ اقتصادی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان معیشت کے تمام شعبوں میں جاپانی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گا۔ انہوں نے یہ بات جاپان کے سفیر کونی نوری ماتسودا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ جاپانی سفیر نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعاون کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے سلسلہ میں موجودہ حکومت کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کو ایک جامع اورمربوط پروگرام ’’وزیرِاعظم کامیاب جوان پروگرام‘‘ کی اصولی منظوری دیدی۔ وہ جمعرات کو ’’وزیرِاعظم کامیاب جوان پروگرام‘‘ کے سلسلہ میں وزیراعظم آفس میں منعقد ہونے والے خصوصی اجلاس کی صدرات کر رہے تھے۔ معاون خصوصی محمد عثمان ڈار نے وزیرِاعظم عمران خان کو ’’وزیرِاعظم کامیاب جوان پروگرام‘‘ اور اس کے تحت نوجوانوں کے لیے کیے جانے والے مختلف اقدامات پر بریفنگ دی۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ ماضی میں کثیر رقوم خرچ کرنے کے باوجود بھی کوئی مربوط اور مناسب حکمت عملی نہ ہونے کے سبب نوجوانوں کے لیے شروع کیے جانے والے پروگراموں سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ ’’کامیاب جوان پروگرام‘‘ کے تحت نوجوانوں کو روزگار، تعلیم کی فراہمی کے علاوہ انہیں ہنرمند بنانے اور ان کی تعمیری صلاحیتیوں کو مثبت طور پر بروئے کار لانے کے لیے مختلف پروگراموں کا اجراء کیا جائے گا۔