فضائی کمپنیوں کو 24گھنٹے کے اندر مسافروں کی تعداد سے آگاہ کرنے کی ہدایت

73

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام فضائی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جہاز کی روانگی کے 24گھنٹے کے اندر اندر جہاز پر مسافروں کی تعداد سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو آگاہ کریں تاکہ فضائی کمپنیوں کو مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے بلنگ کی جاسکے ۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی مختلف خدمات مہیا کرنے کے عوض فضائی کمپنیوں سے اس کے چارجز لیتی ہے ۔ جہاز کے چارجز میں گراؤنڈ ہینڈلنگ وغیرہ شامل ہیں جبکہ مسافروں کو لاؤنج سمیت دیگر سہولیات مہیا کرنے پر فضائی کمپنیوں سے ایمبارکمنٹ فیس وصول کی جاتی ہے ۔ فضائی کمپنیاں سول ایوی ایشن اتھارٹی کو مسافروں کی فہرست فراہم نہیں کرتی ہیں جس کی بنا پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کو کم چارجز موصول ہوتے ہیں ۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فضائی کمپنیوں کو متنبہ کیا ہے کہ اگر بورڈنگ کارڈ کے لحاظ سے مسافروں کی تفصیلات مہیا نہ کی گئیں تو تصور کیا جائے گا کہ جہاز میں کوئی نشست خالی نہیں تھی اور اسی لحاظ سے فضائی کمپنیوں سے ایمبارکمنٹ فیس وصول کی جائے گی ۔