سابق کیوی کرکٹر پیٹر فولٹن ورلڈ کپ کے بعد میک میلن کی جگہ نیوزی لینڈ کے بیٹنگ کوچ بنیں گے

28

ویلنگٹن (جسارت نیوز) سابق کیوی کرکٹر پیٹر فولٹن آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ ختم ہونے کے بعد کریگ میک میلن کی جگہ بطور بیٹنگ کوچ نیوزی لینڈ ٹیم کو جوائن کریں گے۔ میک میلن نے 5سال تک بطور بیٹنگ کوچ فرائض انجام دینے کے بعد عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیوزی لینڈ ٹیم کے ہیڈکوچ گیری اسٹیڈ نے بیان میں کہا کہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ پیٹر فولٹن ورلڈ کپ کے بعد بطور بیٹنگ کوچ ٹیم جوائن کریں گے اور مجھے یقین ہے کہ وہ ہمارے ماحول میں اچھی طرح سے فٹ ہو جائیں گے۔فولٹن نے بیان میں کہا کہ کیوی ٹیم کی بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری ملنے پر خوشی محسوس ہو رہی ہے، ایسے باصلاحیت اسکواڈ کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنا میرے لئے بہت اسپیشل ہے۔ واضح رہے کہ فولٹن کو 2006ء سے 2014ء کے دوران 23 ٹیسٹ، 49 ون ڈے اور 12 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔