کارپوریٹ کپ کے الیکٹرک اور اسٹیٹ بینک کی ٹیمیں فتح سے ہمکنار

116

کراچی (اسٹاف رپورٹر) 7واں کارپوریٹ ٹی ٹوئنٹی کپ میں مزید 2میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ کے الیکٹرک نے مضبوط حریف نیشنل بینک کو 51رنز سے ناکام کیا جبکہ اسٹیٹ بینک کو کینڈی لینڈ پر 143رنز کی آسان فتح حاصل ہوئی۔کے الیکٹرک کے رمیز عزیز اور اسٹیٹ بینک کے روحیل نذیر کوقمر احمدم اور ظہیر الحسن نے مین آف دی میچ ایوارڈ دیا۔ڈی ایچ اے اسپورٹس اسٹیڈیم (معین خان اکیڈمی) کے فلڈ لٹ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں کے الیکٹرک نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اوورز میں9وکٹوں پر 171رنز جوڑے۔ رمیز عزیز نے 55رنز کی عمدہ اننگز میں 4چھکے اور 3چوکے رسید کئے۔ عمیر یوسف نے 35رنز بنائے دوران اننگز انہوں نے 6چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ خرم منظور 21رنز میں 3چوکے لگا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد اصغر نے 22رنز اور علی عمران نے 37رنز پر 2,2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔نیشنل بینک کی جوابی اننگز 17.5اوورز میں 120رنز پر تمام ہوگئی۔ شان مسعود 43رنز میں 5چوکے اور ایک چھکا لگا کر نمایاں رہے۔ دانش عزیز نے 23رنز کی باری میں 3چوکے اورایک چھکا لگایا۔عمر صدیقی کے 23رنز میں 3چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ محمد محسن نے 13، محمد عمران نے 24اور آغا سلیمان نے 31رنز کے عوض 3,3کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ دوسرے میچ میں اسٹیٹ بینک کی ٹیم نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور مقررہ 20اوورز میں 6وکٹوں پر 221رنز کا مجموعہ حاصل کیا۔ روحیل نذیر نے 81رنز کی شاندار باری کھیلی جو 6چھکوں اور4چوکوں سے مزین تھی۔ سید سعد علی نے 73رنز میں 5چوکے اور 6چھکے لگائے۔ دونوں کھلاڑیوں کے مابین تیسری وکٹ پر 130رنز کی رفاقت قائم کی گئی۔ عماد بٹ نے 6چھکوں اور 2چوکوں کی مدد سے جارحانہ 50رنز بنائے۔علی زیدی نے 15رنز اور مرزا بلال بیگ نے 52رنز پر 2,2حریف بلے بازوں کو نشانہ بنایا۔کینڈی لینڈ کی جوابی اننگز مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں پر 72رنز تک محدود رہی۔ حریر شاہد 2چوکے لگا کر 26رنز اور زبیر دلاور 21رنز بنا کر ڈبل فیگر اننگز کھیلنے والے بلے باز رہے۔ فواد خان نے 11رنز پر 2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔