ذاکر ملک کی طوفانی سنچری مصباح الحق کی ٹیم کو مسلسل دوسری شکست

28

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیا ناظم آباد رمضان کپ کے چھٹے روز پاکستان کرنسی کے ذاکر ملک نے طوفانی سنچری بنا کر کے پی ٹی کو اپ سیٹ کردیا۔ ادھر عمر ایسوسی ایٹ کے ہاتھوں ناکامی کے بعد مصباح الحق کی صائمہ بلڈرز مشکلات میں گھر گئی۔ پہلے میچ میں شائقین چھکوں کی برسات سے خوب لطف اندوز ہوئے۔پاکستان کرنسی نے کے پی ٹی کی دعوت پر پہلے بیٹنگ شروع کی تو اوپنر ذاکر ملک نے حریف بولرز کی درگت بناتے ہوئے میدان کے چاروں طرف کھل کر اسٹروکس کھیلے اور ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری صرف 34 گیندوں پر اسکور کی۔ ذاکر ملک کی برق رفتار اننگز میں 10 چھکے اور 9چوکے شامل تھے۔ جنید علی نے 69 رنز بنا کر پاکستان کرنسی کا حتمی اسکور 239 تک پہنچایا جو اب تک ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔جواب میں پہلی وکٹ 62 رنز پر گری۔دوسری وکٹ کی شراکت میں کے پی ٹی کا اسکور سنچری کے پار پہنچا تاہم اسکے بعد آدھی ٹیم 149 پر پویلئن لوٹ گئی، اور مقررہ اوورز میں کے پی ٹی 7 وکٹوں پر 188 رنز بناسکی۔ ندیم جاوید، سجاد ہاشمی اور ریحان تنولی نے بالترتیب 40, اور 37 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کرنسی کے کپتان افتخار احمد نے3 اور فاسٹ بولر عمران خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ذاکر ملک کومیچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔ دوسرے میچ میں مصباح الحق کی مضبوط ٹیم صائمہ بلڈرز کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ عمر ایسوسی ایٹ کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے عمران نذیر نے صائمہ بلڈرز کو تیز رفتار آغاز فراہم کیا۔ 3 چھکوں اور3 چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنانے والے عمران نذیر کے آؤٹ ہوتے ہی صائمہ بلڈرز کی دوسری وکٹ بھی جلد گر گئی۔ 65 کے مجموعی اسکور پر کپتان مصباح الحق بیٹنگ کے لئے آئے اور اننگز کو سنبھالا دیا جس کے باعث رنزبنانے کی رفتار سست روی کا شکار ہوئی۔ مصباح الحق صرف 2 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 45 رنز اسکور کرسکے اور صائمہ بلڈرز کا اسکور 6 وکٹوں پر 154 رنز تک پہنچا۔ اوپنر فضل سبحان 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ لیگ اسپنر عثمان قادر نے 2 شکارکیے۔ہدف کے تعاقب میں عمر ایسوسی ایٹ کو پہلے ہی اوور میں عثمان خان کا نقصان اٹھانا پڑا جنہیں احسان عادل نے زبردست ان سوئنگ گیند پر بولڈ کیا۔ اس موقع پر سہیل اختر نے40گیندوں پر 56 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر اپنے ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔ سعود شکیل نے ناٹ آئوٹ 24 اور خرم شہزاد نے 26 رنز اسکور کیے اور عمر ایسی ایٹس کو 5 وکٹوں سے کامیابی دلادی۔ عمر اکمل اور کپتان اسد شفیق 17, 17 رنز بناسکے۔ سہیل اختر کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔ ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری شکست کے بعد صائمہ بلڈرز کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ کل کے پی ٹی کا سامنا اسٹیٹ بینک سے ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں کے الیکٹرک اور سینٹکس گروپ مدمقابل ہوں گے۔