فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 27 مئی سے فرانس میں شروع ہوگا، تیاریاں عروج پر

58

پیرس (جسارت نیوز) دوسرے بڑے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 123 واں ایڈیشن 27 مئی سے فرانس کے دارلحکومت پیرس میں شروع ہوگا۔ میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ میگا ایونٹ کلے کورٹ پر کھیلا جائیگا جس میں دنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئینگے۔ میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہونگے۔ ہسپانوی شہرہ آفاق ٹینس اسٹار رافیل نڈال میگا ایونٹ کے مینز سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں میں رومانیہ کی نامور ٹینس اسٹار سیمونا ہالپ اپنے اعزاز کا دفاع کرینگی۔ اسی طرح مینز ڈبلز مقابلوں میں ہربرٹ اور نکولس مہوٹ پر مشتمل فرانسیسی جوڑی اپنے اعزاز کی بقا کے لئے کوشاں ہوگی۔ ویمنز ڈبلز مقابلوں میں سینیاکووا اور باربورا پر مشتمل جمہوریہ چیک کی جوڑی اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کریگی۔ مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں چین کی لٹیشا چن اور انکے کروشین جوڑی دار آئیوان ڈوڈگ اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے۔ میگا ایونٹ 27 مئی سے شروع ہوکر 9 جون کو اختتام پذیر ہوگا۔