خادم حسین رضوی کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا

32

لاہور(نمائندہ جسارت) تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا۔ منگل کے روز لاہور ہائیکورٹ نے ٹی پی ایل کے سربراہ خادم حسینرضوی اور مرکزی رہنما پیر افضل قادری کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے 15جولائی تک دونوں رہنمائوں کی منظور کی تھی اور ساتھ ہی رہائی کا حکم دیا تھا۔ہائی کورٹ نے درخواست گزاروں کو5، 5لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا تھا، عدالتی احکامات ملنے کے بعد ضابطے کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے علامہ خادم حسین رضوی کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا۔سیکورٹی وجوہات کی بنا پر خادم حسین رضوی کو کوٹ لکھپت جیل کے دوسرے گیٹ سے نکالا گیا۔واضح رہے کہ خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری سمیت پارٹی کے اہم رہنمائوں کے خلاف بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمات درج ہیں۔ گزشتہ دنوں ہی پیر افضل قادری نے ججز اور فوج کے خلاف متنازع تقریر پر معافی مانگتے ہوئے تحریک لبیک چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔