بیرونی جارحیت کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں،پاکستان

134

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی بھی بیرونی جارحیت کیخلاف سعودی عرب کیساتھ کھڑاہے۔دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان نے سعودی عرب میں آئل پمپس پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکرتا ہے۔ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور انسداد دہشت گردی کے لیے سعودی عرب اور اقوام عالم کے ساتھ تعاون کرے گا۔ پاکستان دہشت گردوں کی تمام صورتوں کی مذمت کرتا ہے۔واضح رہے کہ سعودی وزیر توانائی خالد الفالح نے گزشتہ روز بندرگاہ نبع البحر میں تیل کے پمپنگ اسٹیشن کی پائپ لائن نمبر 8 اور 9 پر دہشت گردوں کی جانب سے دو ڈرون حملوں سے آگاہ کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا تھا کہ حملوں میں کسی قسم کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔