حافظ سعید کے بردار نسبتی عبدالرحمان مکی گرفتار،جیل بھیج دیا گیا

76

ٓٓلاہور/اسلام آباد(نمائندگان جسارت) کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کے برادر نسبتی عبدالرحمان مکی کو گوجرانوالہ سے گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا گیا۔وزارت داخلہ کے مطابق عبدالرحمان مکی کی گرفتاری کالعدم تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے سلسلے میں کی گئی جب کہ انہیں اشتعال انگیز تقریریں اور نقص امن پرگرفتار کیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ عبد الرحمان مکی نے کالعدم تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن پر گوجرانوالہ میں اشتعال انگیز تقریر کی تھی اور انہوں نے عوام سے اپنی تنظیم ‘فلاح انسانیت’ کے نام پر چندے کے اپیل بھی کی تھی۔وزارت داخلہ نے مزید کہاہے کہ مولانا عبدالرحمن مکی نے ایف اے ٹی ایف کے اقدامات کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔یاد رہے کہ عبدالرحمن مکی عملی طور پر کالعدم جماعت الدعوۃ کے نائب امیر اورسیاسی و خارجہ امور کے نگران بھی ہیں۔دوسری جانب کالعدم جماعت الدعوۃ پاکستان کے ترجمان یحییٰ مجاہد نے عبدالرحمان مکی کی گرفتاری پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بھارتی سرکار اور دیگر بیرونی قوتوں کی خوشنودی کے لیے بزدلانہ اقدامات اٹھا رہی ہے،اشتعال انگیز تقاریرکا الزام سراسر جھوٹ پر مبنی ہے، ایف اے ٹی ایف اجلاس کے موقع پر بیرونی آقائوں کو خوش کرنے کے لیے ان کی گرفتاری کا تحفہ پیش کیا گیا۔ حکومت کوچاہیے کہ وہ بیرونی قوتوں کے ہاتھوں میں کھلونا نہ بنیترجمان نے کہا کہ ہم نے پابندیوں اور گرفتاریوں کے خلاف ہمیشہ قانون کی جنگ لڑی ہے۔ اب بھی اعلیٰ عدالتوں میں اپنا مقدمہ پیش کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔