حکومت کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ ہے‘صدر مملکت

47

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ ہے اور ملک میں کاروبار دوست ماحول کے فروغ کے لیے ہر ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ملک کی اقتصادی ترقی میں نجی شعبے کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین خرم مختار سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے اس امر کو اجاگر کیا کہ ملک کے سخت اقتصادی حالات مشکل فیصلوں کے متقاضی ہیں تاہم حکومت معیشت کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری اور پرتعیش اشیاء کی درآمد کو کم کر کے تجارتی خسارے میں کمی لانا حکومت کی حکمت عملی کا اہم جزہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار کی لاگت میں کمی کے لیے کوشاں ہے اور اس نے ٹیکسٹائل، چمڑے، قالینوں، آلات جراحی اورکھیلوں کے سامان جسے 5 اہم برآمدی شعبوں کے لیے ٹیکس زیرو ریٹنگ نظام متعارف کرایا ہے۔