خضدار میں ٹریفک حادثہ‘5 افرادجاں بحق‘14زخمی

30

کراچی‘کو ئٹہ (اسٹاف رپورٹر‘نمائندہ جسارت) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران5 افراد جاں بحق18 زخمی ہو گئے۔ لیویز کے مطابق ضلع خضدار میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر کوئٹہ سے کراچی جانے والی2 مسافر بسیں تیز رفتاری کے باعث کنارے پر کھڑی بس سے ٹکر ا گئیں حادثے میں خاتون اور ڈرائیور سمیت5 افراد جاں بحق 14 مسافر زخمی ہو گئے، اطلاع ملتے ہی ایف سی، لیویز اور ریسکیو کا عملہ موقع پر پہنچا اور لاشوں کو ڈی ایچ کیو خضدار منتقل کیا جہاں انہیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا جبکہ زخمی خضدار، کراچی اور لسبیلہ کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ حادثے کے بعد ایک ڈرائیور فرار ہو گیا، خضدار لیویز واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں ٹریفک حادثے کے دوران4 افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق خمی ہونے والے کا تعلق لیاری اور منگھوپیر سمیت کراچی کے دیگر علاقوں سے بتایا جاتا ہے جبکہ جاں بحق افراد کا تعلق کراچی لیاری و دیگر علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔ایک متوفیہ30 سالہ ثمینہ بی بی دختر جمعہ بلوچ حب لسبیلہ بلوچ گوٹھ کی رہائشی تھی حادثے کا شکار ہوگئی ۔کراچی لائے جانے والے زخمیوں کو سول اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔