حضرت خدیجۃ الکبریؓ کے اولین کردار کو آج بھی امت سلام کرتی ہے

33

لاہور (نمائندہ جسارت) تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ اور تحریک صراطِ مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبری ؓ کے یومِ وصال کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا گلشنِ اسلام کی آبیاری کیلیے حضرت خدیجۃ الکبریؓکے اولین کردار کو آج بھی امت سلام کرتی ہے۔ حضرت خدیجۃ الکبری ؓکو رسول اللہ ﷺ کی قیادت میں سب سے پہلے پرچم اسلام بلند کرنے کا شرف حاصل ہے۔مقامِ نبوت کی معرفت اور مقصد رسالت کیلیے ان تھک محنت میں سبقت آپکی امتیازی شان ہے۔آپکی دانائی ،پارسائی ، طہارت اور فہم وفراست کو زمانہ سلام کرتا ہے آپ نے ذاتِ رسول ﷺ سے وفا کاہمہ جہت عملی نمونہ پیش کیا ۔ آپ کے بہترین مشورے اور دل جوئی قدم قدم پر رسول اللہ ﷺ کیلیے معاون ثابت ہوئی۔ دخترانِ اسلام آپ کے نقش قدم پر چل کر تعمیر ملّت کیلیے بہترین کردار ادا کرسکتی ہیں۔ تحفظِ ناموس رسالت کی خاطر آپ کا کردار ہم سب کیلیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ اُم المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ کے ملّت اسلامیہ پر احسانات کبھی فراموش نہیں کیے جاسکتے۔ نزول وحی کے بعد پیغمبر اسلام ﷺ کے ساتھ اظہار حق کی خاطر جس کے قدم اُٹھے وہ آپ ہی عظیم خاتون ہیں۔ آپ نے مشکلات و مصائب میں رسول اکرم ﷺ کا ثابت قدمی سے ساتھ دیا۔ دین اسلام کی سر بلندی کیلیے آپ نے صرف اپنا مال ہی خرچ نہیں کیابلکہ اپنی جان تک کی بھی پرواہ نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی اولین رفیقہ حیات ہونے کے لحاظ سے آپ کا مقام و مرتبہ بہت بلند ہے۔ اہل بیت رسول ﷺ میں آپ ایک منفرد مقام کی حامل ہیں۔ رسول اکرم ﷺ کی چاروں صاحبزادیاں آپ ہی کے بطن مبارک سے پیدا ہوئیں ۔