حافظ عبدالرحمن مکی پر اشتعال انگیز تقریریں کرنے کا الزام سراسر جھوٹ ہے

89

لاہور (نمائندہ جسارت)جماعۃالدعوۃ پاکستان کے ترجمان یحییٰ مجاہد نے تنظیم کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کی گرفتاری پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بھارت سرکار اور دیگر بیرونی قوتوں کی خوشنودی کیلیے بزدلانہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ حافظ عبدالرحمن مکی پر اشتعال انگیز تقریریں کرنے کا الزام سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔ ایف اے ٹی ایف اجلاس کے موقع پر بیرونی آقائوں کو خوش کرنے کیلیے ان کی گرفتاری کا تحفہ پیش کیا گیا۔ حکومت کوچاہیے کہ وہ بیرونی قوتوں کے ہاتھوں میں کھلونا نہ بنے۔یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ جب بھی بھارت اور دیگر ملکوں کا دبائو بڑھتا ہے تو کبھی جماعۃالدعوۃ پر پابندی لگاکر اثاثے قبضے میں لیے جاتے ہیں تو کبھی گرفتاریاں شروع کر دی جاتی ہیں۔ یحییٰ مجاہدنے کہاکہ جماعۃا لدعوۃ ایک پرامن اور محب وطن جماعت ہے جس نے ہمیشہ ملکی مفاد کو مقدم رکھا اور بھارتی مطالبہ پر پابندیاں لگائے جانے کے بعدبھی حکومت کی طرف سے سکول، ہسپتال، ڈسپنسریاں اور ایمبولینسیںقبضہ میں لینے پربھی کسی اشتعال انگیز ردعمل کا مظاہرہ نہیں کیا۔ ترجمان جماعۃالدعوۃ نے کہاکہ رمضان المبار ک کے مقدس مہینہ میںحافظ عبدالرحمن مکی کی بلا جواز گرفتاری پر کارکنان میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے۔ہم نے پابندیوں اور گرفتاریوں کے خلاف ہمیشہ قانون کی جنگ لڑی ہے۔ اب بھی اعلیٰ عدالتوں میں اپنا مقدمہ پیش کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بھارتی دبائو پر گرفتاریاں کر کے کشمیریوں کی حق میں بلند ہونے والی مضبوط آواز خاموش کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔