بھارت طاقت کی بنیاد پر مقبوضہ کشمیر پر اپنا تسلط قائم نہیں رکھ سکتا، ڈاکٹر خالد محمود

79

 

اسلام آباد (پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرکے امیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میںطاقت کی بنیاد پر زیادہ دیر اپنا تسلط قائم نہیں رکھ سکتا، بھارت کو کشمیر سے نکلنا ہوگا، مودی کی انتہا پسندانہ پالیسیوں نے جنوبی ایشیا کا امن خطرے میں ڈال دیا، راجہ فاروق حیدر اور مسلم لیگ ن نے جماعت اسلامی سے مفاہمت کے دوران جو وعدے اور کمٹمنٹ کی تھی چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی کی ذمے داری جماعت اسلامی کو دے کر اس کمٹمنٹ کو پورا کرنے کی طرف ایک قدم اٹھایا ہے، ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں، جماعت اسلامی آزاد خطے کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کررہی ہے، صحافی معاشرے کی آنکھ اور ریاست کا چوتھا ستون ہیں، صحافی برادری ابلاغ کے محاذ پر مسئلہ کشمیر سمیت عوامی مسائل اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، بھارت ہٹ دھرمی ختم کرکے کشمیری عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے، کشمیریوں کو حق آزادی دیے بغیر خطے میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ جماعت اسلامی اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کے غلبے کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے، آزاد کشمیر حکومت کی میرٹ کے قیام کے لیے کوششوں کی تحسین کرتے ہیں، این ٹی ایس اور پبلک سروس کمیشن کے ذریعے غریب عوام کو ان کے حقوق ملے ہیں، حکومت آزاد کشمیر کے اچھے اقدامات کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی دیں گے، البتہ جہاں کوئی کمی اور خامی نظر آے گی اس کی نشاندہی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کی طرف سے صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے نائب امراء نورالباری، راجا جہانگیر خان، سیکرٹری جماعت اسلامی راجہ فاضل تبسم، صدر جماعت اسلامی یوتھ آزاد کشمیر گلگت بلتستان نثار احمد شائق سیکرٹری جے آئی یوتھ آزاد کشمیر راجا میر محمدامیر ضلع اسلام آباد آزاد کشمیر محمد یاسین خان، الخدمت فائونڈیشن آزاد کشمیر کے نائب صدر عطا الرحمن چوہان، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی آزاد کشمیر راجا ذاکر خان، جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما شاہد شمسی اور جماعت اسلامی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے جبکہ افطار پارٹی میں سینئر صحافیوں صدر اے کے این ایس چیف ایڈیٹر جموں وکشمیر عامر محبوب، چیف ایڈیٹر کشمیر ایکسپریس سردار زاہد تبسم، ایڈیٹر صدائے چنار اعجاز عباسی، ایڈیٹر کشمیر لنک خواجہ متین، ایڈیٹر نیل فیری نثار کیانی، ایڈیٹر پارلیمنٹ ٹائمز جاوید اقبال چودھری، چیئرمین ایڈیٹر کونسل گروپ ایڈیٹر جموں وکشمیر راجا کفیل احمد، ایڈیٹر جموں وکشمیر شہزاد راٹھور، ایڈیٹر کشمیر پوسٹ غلام محی الدین ڈار، جوائنٹ ایڈیٹر کشمیر پوسٹ راجا بشیر عثمانی، سردار حمید ایڈیٹر کنٹری نیوز، اصغر حیات، شیزار راٹھور، دانش ارشاد، نائب صدر نیشنل پریس کلب راجا خلیل احمد سینئر صحافی شیخ محمد امین غلام اللہ کیانی، سردار عاشق حسین، محمد خاور نواز راجا، عابد عباسی، سلیم خان، نثار ٹھاکر، محمد لطیف ڈار، راجا حسن حیات، ارشد عزیر، علی شیر، میاں منیر احمد، منیر زاہد، اقبال اعوان، راجا ماجد افسر، صفدر گردیزی، اظہر نقوی، عابد ہاشمی، سردار شوکت سمیت بڑی تعداد میں صحافیوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر خالد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی پسے ہوئے اور اپنے بنیادی حقوق سے محروم طبقات کو ان کے حقوق دلانے کے ساتھ ساتھ خطے میں میرٹ کے قیام عدل و انصاف کی حکمرانی کے لیے برسر پیکار ہے، اسمبلی کے اند ر اور اسمبلی کے باہر ہر سطح پر ایک ہی آواز کے ساتھ ہم اپنا فریضہ ادا کررہے ہیں، حقدار کو اس کا حق دلانا ہمارا مشن ہے۔ تقریب میں صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تحریک آزادی کوئی شخص ختم نہیں کرسکتا نہ ہی جدوجہد آزادی میں برسر پیکار کشمیریوں کا راستہ روکا جاسکتا ہے، بعض اوقات وقتی طور پر عالمی دبائو اور حالات کو دیکھتے ہوئے پالیسیاں تبدیل کی جاتی ہیں۔ کشمیر ی عوام نے تاریخی جدوجہد اور بے مثال قربانیاں دیں، ان قربانیوں کے نتیجے میں کشمیر آزاد ہوکر رہے گا۔