الخدمت فائونڈیشن پاکستانیوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں

26

نوابشاہ (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی نوابشاہ نجف رضا اور نمائندہ جسارت کاشف رضا کی جانب سے شہریوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی نوابشاہ نجف رضا اور پروفیسر اعجاز عالم نے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی نوابشاہ نجف رضا نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن نوابشاہ کو اپنے عطیات دیں جبکہ افطار ڈنر کے دوران پروفیسر اعجاز عالم نے درس قرآن دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ہمیں اللہ کی رحمت کے حصول کے لیے ان تمام امور کو بجا لانا چاہیے جس کے باعث تقرب الٰہی میں اضافہ ہو، نبی صلی اللہ علیہ وسلم اس مہینے کا خصوصی اہتمام کرتے تھے، اس مہینے میں جو مسلمان اپنی مغفرت نہ کر وا سکے تو اس کے سوا کیا کہا جاسکتا ہے کہ اس نے اپنی بد بختی کا سودا کیا۔ ماہ صیام کی پہچان جو مومن کر گیا درحقیقت اس نے اپنے لیے جنت کا سودا کر لیا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث مبارک موجود ہیں جس میں انہوں نے روزے دار کو خوش خبریاں دی ہیں لیکن آج افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پاکستان میں نجی چینلز نے ماہ صیام کے عنوان سے جو پروگرام ترتیب دیے ہیں ان کی رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں گنجائش ہی نہیں ہے۔ امیر جماعت اسلامی نوابشاہ نجف رضا نے الخدمت فائونڈیشن کی جاری اور آئندہ کے لیے ترتیب دی جانے والی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ساری سرگرمیاں صرف آپ کے تعاون اور دعاؤں کی بدولت ممکن ہو پاتی ہیں، لہٰذا پاکستان میں الخدمت فائونڈیشن جیسا ادارہ پاکستانیوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے لہٰذا آپ اپنے عطیات، زکواۃ، خیرات ، صدقات الخدمت فائونڈیشن نوابشاہ کو دیں۔