حکومت ٹیکس دہندگان کے لیے آسانی اور سہولتیں مہیا کرے گی

68

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کی سب کمیٹی کے کنوینر، مشیر برائے ایف بی آر اور سابق صدر حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حاجی محمد یعقوب نے وفاقی حکومت کے اِن اقدام کو سراہا ہے کہ اُس نے بڑی سوچ سمجھ کا ثبوت دیتے ہوئے حکومتی اہم محکموں کا انتخاب نجی شعبوں سے تعلق رکھنے والی اپنی فیلڈ میں ماہرین سے کیا۔ اِن تعیناتیوں سے حکومتی اداروں اور ٹیکس دہندگان کے درمیان اعتماد کی فضاء بحال کرنے میں مدد ملے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ نئے تعینات ہونے والے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے چارج سنبھالنے کے فوری بعد یہ احکام جاری کر کے کہ اُن کی پیشگی اجازت کے بغیر اور متعلقہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو یا پروپرائٹر کو 24 گھنٹے کا نوٹس دیے بغیر اُس کمپنی کے بینک اکائونٹس منجمد نہ کیے جائیں، کاروباری مراکز اور دفاتر پر چھاپے مارنے پر پابندی بہترین اقدام ہیں، جن سے تاجر و صنعتکار برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ اُمید کرنے لگی ہے کہ حکومت اِس سلسلے میں مزید مصالحانہ اقدام کرے گی اور ٹیکس دہندگان کے لیے قواعد و ضوابط میں آسانی اور سہولتیں مہیا کرے گی تاکہ ٹیکس دہندہ خوش دِلی سے واجب الادا ٹیکس کی ادائیگی کرسکے۔ اُنہوں نے وفاقی حکومت خاص طور پر وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کے مزید اہم محکموں کے لیے بھی اچھی شہرت اور تجربہ کار ماہرین کی تعیناتی نجی شعبوں سے کریں تاکہ ملک مالی بحران سے نکلے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو اور حکومتی ساکھ کو بھی فائدہ پہنچے۔