ملازمین کی ترقیوں پر لگا قفل یونین کے مذاکرات کے باعث ٹوٹا

26

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) اکائونٹس ایل ڈی سی کو BPS-09 سے ترقی دے کر اکائونٹس اسسٹنٹ BPS-15 میں ترقی کے احکامات کا اجرا یونین کی جدوجہدکے باعث ممکن ہوا۔ ملازمین کی ترقیوں پر جو قفل لگا ہوا تھا وہ یونین کے مذاکرات کے باعث ٹوٹ رہا ہے۔ جلد ہی دیگر کیڈرز کے ملازمین کی ترقیوں اور اپ گریڈیشن کے احکامات جاری ہونے والے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے لیبر ہال حیدرآباد میںLDC BPS-09سے اکائونٹس اسسٹنٹ BPS-15 ترقی پانے والے چیف فنانس آفیسر حیسکو ہیڈ کوارٹر کے ملازمین محمد علی، محمد بلال، گلزار اور احتشام خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محمد حنیف خان ، رائو سعید احمد اور واحد بھائی بھی موجود تھے ۔ قائد مزدور عبداللطیف نظامانی نے ترقی پانے والے ملازمین کو تلقین اور ہدایت کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ ابھی نوجوان ہیں اور آنے والے دنوں میں ہمارا سرمایہ ہوں گے آپ ادار ے کی ترقی اور محنت کشوں کی بھلائی کے لیے اسی طرح کام کریں جس طرح آپ نے اپنی ترقی کے لیے جدوجہد کو کامیاب بنایا تاکہ آپ کے توسط سے دوسرے بھی آپ کی طرح فلاح پاسکیں، آپ کی جرات مندانہ اور ایماندارانہ صلاحیتوں کے باعث نہ صرف ادارہ ترقی کرے گا بلکہ اس سے آپ کی اور یونین کی نیک نامی میں بھی اضافہ ہوگا، آپ کو ایک دم 9 سے 15 اسکیل مل جانا بہت بڑا کریڈٹ ہے، جس کے باعث آپ کے مالی مسائل اور بہتر انداز میں حل ہوں گے۔ آپ کو ترقی دلانا یونین کی طرف سے آپ کے لیے عید کا تحفہ ہے جو قبل از وقت دیا جارہا ہے، اسی طرح آنے والے دنوں میں مزید اچھی خوشخبری کی قوی امید ہے۔