بھٹ شاہ، انتظامیہ کا مضر صحت اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون

54

 

بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) ضلعی انتظامیہ مٹیاری کی جانب سے منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں، اتائی ڈاکٹرز اور مضر صحت اشیا فروخت کرنے والی مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری۔ 1166 دکانوں پر چھاپے، مقررہ نرخوں سے زائد وصولی پر 122 دکانداروں پر 2 لاکھ 24 ہزار 700 سو روپے کے جرمانے عائد، 9 اتائی ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی کرکے کلینکس سیل کردی گئیں۔ 26 میڈیکل اسٹوررڈ کو وارننگ لیٹرز جاری۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے مضر صحت اشیا فروخت کرنے پر 25 ہزار کے جرمانے بھی عائد کیے۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری پرویز احمد بلوچ کی ذاتی نگرانی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو و اسسٹنٹ کمشنر ہالا عبدالمجید زہرانی، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری امام بخش کاکا، اسسٹنٹ کمشنر نیو سعید آباد سید عمار حسین رضوی، سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر امتیاز علی ابڑو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر رام لوہانہ، محکمہ صحت کے فوکل پرسن ڈاکٹر زاہد صدر نے متعلقہ افسران کے ہمراہ مٹیاری، کیبر، اڈیرو لال اسٹیشن، ہالا اور نیو سعیدآباد سمیت نیشنل ہائی وے پر موجود ہوٹلوں، دکانوں، میڈیکل اسٹورز، سبزیاں، میوہ جات اور مٹھائیاں فروخت کرنے والے دکانداروں کیخلاف کارروائی کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو عبدالمجید زہرانی کے مطابق ضلعی انتظامیہ احترام رمضان آرڈیننس پر عملدر آمد کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ اشیا کی ریٹ لسٹ سے زائد قیمت پر فروخت کرنے والی مافیا کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ہر روز صبح اور افطاری کے اوقات میں متعلقہ افسران اپنی تحصیلوں کے بازاروں کا اچانک دورہ کرتے ہیں تاکہ گراں فروشی پر کنٹرول کرکے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جاسکے۔ اسسٹنٹ کمشنر سعید آباد سید عمار حسین رضوی اور سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز امتیاز علی ابڑو نے اپنی ٹیکنیکل ٹیم کے ہمراہ سعید آباد شہر میں مختلف دکانوں پر چھاپے مار کر صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور غیر معیاری اشیا فروخت کرنے والے ہوٹلوں، ڈیری، مٹھائی اور بیکری کی دکانوں پر 25 ہزار روپے کے جرمانے عائد کرتے ہوئے دکانداروں کو معیاری تیل استعمال کرنے اور صفائی کے انتظامات کو بہتر کرنے کے احکامات دیے۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کا عندیہ دیا۔ اتائی ڈاکٹروں کیخلاف ضلع میں جاری مہم کے فوکل پرسن ڈاکٹر زاہد صدر نے بتایا کہ ضلع مٹیاری میں 9 اتائی ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کی کلینس بند کرنے کے علاوہ 26 میڈیکل اسٹورز کو وارننگ لیٹرز جاری کرنے کے ساتھ 2 لیبارٹریاں بھی سیل کردی گئی ہیں