راجپوتانہ اسپتال انتظامیہ 200 ملازمین کو برطرف کرنا چاہتی ہے، عنایت لاشاری

44

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) راجپوتانہ اسپتال حیدرآباد کے برطرف ملازمین نے اپنی نوکریوں پر بحالی کے لیے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے تیسرے روز بھی احتجاج جاری رکھا، برطرف ملازمین اسپتال انتظامیہ کیخلاف سخت نعرے بازی کررہے تھے۔ اس موقع پر عنایت لاشاری، محمد علی، عمران علی اور ساگر علی سمیت دیگر برطرف ملازمین نے کہا کہ راجپوتانہ اسپتال کی انتظامیہ نے بلاجواز 200 ملازمین کو جبری طور پر نوکریوں سے برطرف کردیا ہے جن میں خاکروب، وارڈ بوائے، چوکیدار، لیب ٹیکنیشن اور مڈ وائف سمیت دیگر ملازمین شامل ہیں۔ راجپوتانہ اسپتال کی انتظامیہ نے اس سے قبل بھی 40 ملازمین کو برطرف کردیا تھا اور اب دوبارہ مزید 200 ملازمین کو برطرف کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں یہ عمل سراسر ناانصافی کے مترادف ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور دیگر حکام سے اپیل کی کہ راجپوتانہ اسپتال کی انتظامیہ کیخلاف کارروائی کرکے بے روزگار کیے گئے ملازمین کو دوبارہ نوکریوں پر بحال کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔