ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کا سول اسپتال کا اچانک دورہ

45

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے سول اسپتال حیدرآباد کا اچانک دورہ کیا۔ اپنے دورے میں انہوں نے سول اسپتال حیدرآباد میں نیفرولوجی ڈائیلاسز، ہیپاٹائٹس بی سی، نیورو سرجری، کارڈیالوجی و دیگر امراض کے لیے نئی تعمیر شدہ بلڈنگ کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں موجود مختلف وارڈز میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات، صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا اور اس کے متعلق معلومات حاصل کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون شاہد علی شاہ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال حیدرآباد ڈاکٹر مبین احمد میمن، اے ایم ایس جرنل ڈاکٹر نعیم ضیا میمن، اے ایم ایس ڈاکٹر شاہد جونیجو، اے ایم ایس ڈاکٹر شوکت لاکھو بھی موجود تھے۔ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال سمیت تمام متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد نیفرولوجی ڈائیلاسز کے وارڈ کو مکمل طور پر فعال بنائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو ڈائیلاسز کی سہولیات فراہم کی جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی کے لیے مختص کردہ وارڈ کو بھی فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ ہیپاٹائٹس بی اور سی کے مریضوں کا دیگر مریضوں سے الگ علاج کیا جا سکے۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال حیدرآباد ڈاکٹر مبین احمد میمن کی جانب سے مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات، اسپتال کو درپیش مسائل اور دیگر شہروں سے آنے والے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور عملے کی کمی سے متعلق ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کو تفصیلی آگاہی دی ۔