مسافر گاڑیوں میں گیس سلینڈر کا استعمال حکومتی نااہلی ہے،کاشف شیخ

43

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے کشمور میں مسافر وین میں گیس سلینڈر دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد کے جھلس کر جاں بحق اور 8 زخمی ہونے والے واقعے پر دلی دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود مسافر گاڑیوںمیںگیس سلینڈرکا استعمال حکومت و انتظامیہ کی نا اہلی و بے حسی کی عملی تصویر ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مسافر گاڑیوں میں گیس سلینڈر چلتے پھرتے بم کے مترادف ہیں۔مسافرگاڑیوں میں ناکارہ سلینڈرز اور بروقت فٹنس نہ ہونے کی وجہ سے کئی خاندانوں کے گھر اجڑ چکے ہیں ۔ طرفہ تماشا یہ کہ ضلعی ہیڈکوارٹرمیں قائم سول اسپتال میں جب متاثرہ مریضوں کو پہنچایا گیا تو عملہ غائب جبکہ مریضوں کو منتقل کرنے کیلیے ایمبولینس میں تیل کے پیسے تک نہیں تھے۔ سندھ کے اسپتالوں کی یہ حالت زار 13 سالوں سے سندھ پر حکومت کرنے والی پیپلز پارٹی قیادت کیلیے لمحہ فکرہے۔ سندھ میں خوشحالی و ترقی کے دعووںکا اس چھوٹے واقعے سے بھی بخوبی اندازا لگایا جاسکتا ہے۔ جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما نے زور دیا کہ حکومت اس حوالے سے محض نمائشی اقدامات کے بجائے اسکول وین سمیت مسافر گاڑیوں میں گیس سلینڈر کا خاتمہ اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔