ورلڈ کپ اسکواڈ ،محمد عامر کے حق میں ایک اور آواز بلند

79

کراچی(وائس آف ایشیا )پاکستان کے سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر سلیم یوسف نے کہا ہے کہ وہ فاسٹ بولر محمد عامر کو ورلڈکپ اسکواڈ میں رکھنے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈکپ کے دوران فاسٹ بولر کو پاکستانی ٹیم میں رکھنا بہت فائدہ مند ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ محمد عامر کے ساتھ شاید کچھ مسائل ہیں مگر میں محسوس کرتا ہوں کہ عامر کو ورلڈکپ اسکواڈ میں ضرور ہونا چاہئے کیونکہ وہ تجربہ کار ہے اور انگلینڈ میں اس کی بولنگ بہت کارگر ثابت ہو گی۔سلیم یوسف نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کی کارکردگی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور کہا انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستانی ٹیم نے جیسا کھیلپیش کیا وہ بہت خوش آئند ہے۔ اگرچہ ہم ہار گئے لیکن یہ معنی نہیں رکھتا کیونکہ ہم بہت اچھا اور مثبت کھیلے۔ ہمیں بس ایک اچھی جیت اور ایک اچھے میچ کی ضرورت ہے جس سے ہم مومینٹم حاصل کر سکیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں پاور ہٹرز کی کمی ہے جیسا کہ انگلینڈ کے این مورگن ہیں یا ویسٹ انڈیز کے اسکواڈ میں کئی کھلاڑی ہیں اور پاور ہٹرز رکھنے والی ٹیموں کو اس کا فائدہ بھی ہو گا لہذا ہمیں بھی اس شعبے پر توجہ دینی ہو گی۔