اٹالین اوپن ٹینس، ڈیوڈ گوفن، جریمی شارڈے، ٹیلر فرٹز اور راڈو ایلبٹ مینز سنگلز دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے

59

روم (جسارت نیوز) ڈیوڈ گوفن، جریمی شارڈے، ٹیلر فرٹز اور راڈو ایلبٹ فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے۔ اٹلی میں ایونٹ میں گزشتہ روز کھیلے گئے مینز سنگلز پہلے رائونڈ میچز میں بیلجیئم کے کھلاڑی ڈیوڈ گوفن نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف سوئس کھلاڑی ا سٹین واورینکا کو 4-6، 6-0 اور 6-2 سے شکست دے کر دوسرے رائونڈ میں جگہ بنائی، فرانس کے جریمی شارڈے بھی پہلی آزمائش میں کامیاب رہے، انہوں نے ہم وطن کھلاڑی رچرڈ گیسکوئٹ کو 6-1، 4-6 اور 6-3 سے ہرا کر دوسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی، راڈو ایلبٹ نے فرانس کے بینوئٹ پیئر کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، امریکا کے ٹیلر فرٹز بھی پہلی رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہے۔
روبرٹ فرا اور جان کیبل پر مشتمل کولمبین جوڑی نے اٹالین اوپن ٹینس مینز ڈبلز پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی
روم (جسارت نیوز) روبرٹ فرا اور جان کیبل پر مشتمل کولمبین جوڑی نے اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ اٹلی میں ایونٹ میں گزشتہ روز کھیلے گئے مینز ڈبلز پہلے رائونڈ میچ میں روبرٹ فرا اور جان کیبل پر مشتمل کولمبین جوڑی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بھارت کے روہن بوپنا اور ان کے برطانوی جوڑی دار ڈومنک اینگلوٹ کو 7-6 اور 6-3 سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔
سٹرائیکووا اور سائی سو وائی اٹالین اوپن ٹینس ویمنز ڈبلز پری کوارٹر فائنل میں داخل
روم (جسارت نیوز) بربورا اسٹرائیکووا اور سائی سو وائی اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز ڈبلز پری کوارٹر فائنل میں داخل ہو گئیں۔ اٹلی میں ایونٹ میں کھیلے گئے ویمنز ڈبلز پہلے رائونڈ میچ میں جمہوریہ چیک کی بربورا اسٹرائیکووا اور ان کی تائیوان کی جوڑی دار سائی سو وائی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکن کھلاڑی ریکل اتاوو اور ان کی سلوانین جوڑی دار کیترینا سریبوٹنک کو 6-3 اور 6-3 سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔