کرکٹ ورلڈ کپ ،قومی ٹیم کی تشکیل کیلیے انضمام اور ٹیم انتظامیہ میں رابطے

40

لاہور (جسارت نیوز) ورلڈ کپ 2019کے لیے قومی ٹیم کی حتمی تشکیل پر چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ٹیم انتظامیہ میں رابطہ ہوا ہے جس میں محمد عامر اور شاداب خان سمیت کئی کھلاڑیوں کے معاملے پر غور کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کے لیے ٹیم کے انتخاب کے سلسلے میں چیف سلیکٹر اور ٹیم انتظامیہ کے درمیان رابطے شروع ہو گئے ہیں۔ رابطے میں میں محمد عامر اور شاداب خان سمیت کئی کھلاڑیوں کے معاملے پر غور کیا گیا۔محمد عامر کو چکن پاکس ہونے کے بعد بولنگ لائن اپ کی تشکیل پرغور کیا گیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ محمد عامر کے ورلڈ کپ میں شرکت کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔ذرایع نے یہ بھی بتایا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کے فٹ ہونے پر فہیم اشرف یا جنید خان کو وطن بھجوا دیا جائے گا۔بیٹسمین عابد علی کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد وطن واپس بھجوانے پر بھی غور کیا گیا، بتایا گیا ہے کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کی میچ فٹنس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔دوسری طرف انگلینڈ میں موجود قومی ٹیم کے مشن ورلڈکپ کیلیے قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس رواں ہفتے طلب کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اجلاس میں محمد عامر، محمد حفیظ، محمد حسنین، آصف علی، جنید خان اور شاداب خان کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے جبکہ حفیظ اور شاداب کی فٹنس رپورٹس کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔آل رائونڈر محمد حفیظ کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کی وہ اب تک مکمل فٹ نہیں ہوسکے ہیں تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ چوتھے ون ڈے سے قبل فٹ ہوجائیں گے۔اجلاس میں سینئر بلے باز شعیب ملک کی فارم اور فٹنس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔اس کے علاوہ اگر نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین کی بات کی جائے تو ان کی میچ فٹنس پر بھی ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی کو کچھ تحفظات ہیں۔ذرائع کے مطابق انگلینڈ کے خلاف رواں سیریز کے چوتھے ون ڈے کے بعد دو کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیج دیا جائے گا اور ورلڈکپ کا حتمی 15 رکنی اسکواڈ منتخب کیا جائے گا۔اب دیکھنا یہ ہے کہ محمد عامر اور آصف علی کا مستقبل کیا ہوگا۔