سوڈان میں مظاہرین پر فائرنگ‘ 4 فوجیوں سمیت 6 ہلاک

50
خرطوم:ـ فائرنگ میں ہلاکتوں کے بعد مظاہرین ٹائر جلا کر سڑکیں بند کررہے ہیں
خرطوم:ـ فائرنگ میں ہلاکتوں کے بعد مظاہرین ٹائر جلا کر سڑکیں بند کررہے ہیں

خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) سوڈان میں سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے مابین جھڑپوں میں 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مظاہرین کی مرکزی تنظیم سوڈان پروفیشنل ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ یہ ہلاکتیں پیر اور منگل کی درمیانی شب ہونے والی جھڑپوں کے دوران ہوئیں اور مارے گئے افراد میں سوڈانی فوج کا ایک میجر بھی شامل ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق دارالحکومت خرطوم میں فوجی ہیڈکوارٹر کے سامنے دھرنا دیے ہوئے مظاہرین پر سیکورٹی فورسز کے دھاوے میں ایک افسر سمیت 4 فوجی جوان اور 2 شہری ہلاک ہوئے۔ فوجی عبوری کونسل کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں زور دیا گیا ہے کہ شرپسند عناصر ملک میں بے چینی پیدا کرنا چاہتے ہیں اور یہ حلقے کسی بھی پیش رفت کی راہ میں روڑے اٹکانے کی کوششیں کررہے ہیں جس کے نتیجے میں ملک کو تاریک سرنگ میں دھکیلنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ان حلقو ں سے منسلک گروہ مظاہرین کے دھرنے کے مقامات اور بعض دیگر علاقوں میں داخل ہوکر منصوبہ بندی کے تحت لوگوں کو اکساتے ہیں اور پرتشدد کارروائیوں سے بھی گریز نہیں کرتے، اس حولے سے ایک تازہ جھڑپ میں مظاہرین کی بڑی تعداد زخمی بھی ہوئی ہے۔ دوسری جانب مظاہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ ان پر حملے کرنے والے فاسٹ ٹاسک فورسز کے عناصر تھے۔