ہمارے پاس الہ دین کا چراغ نہیں کہ فوری مسائل حل کردیں،وزیراعلیٰ پنجاب

52

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہمحدود وسائل میں صوبہ پنجاب کے عوام کو رمضان المبارک میں بھرپور ریلیف دے رہے ہیں‘ ہمارے پاس آلہ دین کا چراغ نہیں کہ منٹوں، سیکنڈوں میں تمام مسائل پر قابو پالیا جائے‘ ماضی کی حکومتوں نے عوام کو صرف لولی پاپ دے کر محرومیوں کا شکار رکھا‘ عوام مطمئن رہیں اور تھوڑا صبر کریں ‘ ان شااللہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں ضرور کامیاب ہوگی‘ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کو دور کرنیکے لیے خود دورے کر رہا ہوں‘ کوشش ہے کہ ریلیف عام آدمی تک پہنچے‘ بھکر میں آئے روز حادثات کی روک تھامکے لییایم ایم روڈ کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے جس پر جلد کام شروع ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے دورہ منکیرہ کے دوران سستا رمضان بازار کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مختلف اشیائے خوردونوش کے اسٹالز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ وقاص رشید نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ ماہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے‘ اس مہینے میں عام آدمی کو بھرپور ریلیف فراہم کرنیکے لییفراہم کردہ پالیسی پر من و عن علمدرآمد کو یقینی بنایا جائے‘ غفلت و لاپرواہی برتنے والے آفیسران کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے دورہ منکیرہ کے دوران تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال اور دانش پبلک اسکول منکیرہ کی زیر تعمیر عمارت کا بھی دورہ کیا وہاں پر جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں معیاری میٹریل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔