کوئٹہ دھماکے کا مقدمہ درج ،جاں بحق اہلکاروں کی تدفین

45

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ کے سیٹلائٹ ٹائون دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ جاں بحق اہلکاروں کی تدفین کردی گئی۔ مسجد کی انتظامیہ نے غیر قانونی پارکنگ کو دھماکے کی وجہ قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے سیٹلائٹ ٹائون میں مسجد کے باہر دھماکے کا مقدمہ سی ٹٰی ڈی میں نامعلوم ملزمان کے خلاف ایس ایچ او تھانہ سیٹلائٹ ٹائون کی مدعیت میں دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ جاں بحق 4 اہلکاروں کی تدفین نماز جنازہ کے بعد آبائی علاقوں جعفر آباد اور جھل مگسی میں کر دی گئی، دھماکے کے 6 زخمی تاحال سول اسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکے سے مسجد اور اطراف کی عمارتوں کو نقصان پہنچا ، مسجد کی انتظامیہ کا کہنا ہے غیر قانونی پارکنگ اور ٹیکسی اسٹینڈ کی وجہ سے خطرات تھے انتظامیہ کو آگاہ کیا لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔ پارکنگ اور ٹیکسی اسٹینڈ مالکان کا کہنا ہے کہ واقعہ رات کو ہوا اس وقت کوئی پارکنگ اور ٹیکسی موجود نہیں تھی۔ مسجد انتظامیہ اور شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر قانونی پارکنگ اور ٹیکسی اسٹینڈ کا خاتمہ کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔