شور مچا نے والوں کومال حرام واپس دینا ہی پڑے گا،پی ٹی آ ئی

46

اسلام آباد(اے پی پی )مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف عمر سرفراز چیمہ نے کہاہے کہ جب بھی ریاستی ادارے کسی کرپٹ کردار کے محاسبے کی کوشش کرتے ہیں نام نہاد جمہوری رہنما واویلا شروع کر دیتے ہیں، شاہد خاقان عباسی کو کرپشن کی تعریف آتی تو کم از کم عدالتی مفرور کو وزیراعظم کے جہاز میں بٹھا کر فرار نہ کراتے۔ منگل کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم کو جمہوریت و پارلیمان کی بالادستی پر کوئی بھی بھاشن دینے سے پہلے شاہد خاقان عباسی اسحاق ڈار کے فرار کی وضاحت دیں۔عمر چیمہ نے کہاکہ جس نے بھی قومی خزانے پر ہاتھ صاف کیے ہیں اس کا محاسبہ ہو کر رہے گا، سیاسی انتقام کا ماتم کرنے یا دھمکیاں دینے سے کسی کو معافی نہیں ملے گی۔انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے کرپشن کی بڑی بڑی وارداتوں میں سہولت کار کا کردار ادا کیا،پارلیمان کو محض 2 خاندانوں کی چوری بچانے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ عمر چیمہ نے کہا کہ جمہوریت اور چور بازاری میں تفریق واضح کرنے کا وقت آن پہنچا ہے، جتنا مرضی شور مچا لیں، مال حرام واپس دینا ہی پڑے گا۔