سی اے اے اور پی آئی اے میں حاضر سروس دفاعی افسران کی تعیناتی کا فیصلہ

34

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے میں دفاعی اداروں کے حاضر سروس افسران کی ایک کثیر تعداد کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس امر کا فیصلہ گزشتہ دنوں وزیراعظم ہائوس میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ اعلیٰ سطحی ذرائع کے مطابق فیصلہ کیا گیا ہے کہ دونوں اداروں میں ریٹائر ہونے والے افسران کی جگہ اب پاک فضائیہ اور آرمی کے حاضر سروس افسران سے پوری کی جائے گی۔ اجلاس میں اس کا جواز یہ پیش کیا گیا ہے کہ دونوں اداروں میں یونینوں کی وجہ سے کام کا معیار متاثر ہورہا ہے ۔اجلاس میں اس فیصلے کی یونینوں کی جانب سے مزاحمت کے امکان کو بھی زیر بحث لایا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اس ضمن میں کسی قسم کے سیاسی و مزدور انجمنوں کے دبائو کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔ اعلیٰ سطح پر فائز ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ دفاعی اداروں کے 2 حاضر سروس اعلیٰ ترین افسران یعنی پی آئی اے کے موجودہ قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر وائس مارشل ارشد ملک اور سی اے اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل تنویر اشرف بھٹی نے اپنی علیحدہ علیحدہ رپورٹس میں اس امر کی سفارش کی ہے کہ پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کی خالی اسامیاں اب باوردی افسران سے پر کی جائیں۔ واضح رہے کہ سی اے اے سے آئندہ 2 برسوں میں 200 کے لگ بھگ گروپ 7 سے 9 کے افسران ریٹائر ہورہے ہیں جن کے خالی کیے گئے عہدوں پر دفاعی اداروں کے حاضر سروس افسران کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کی جائے گی جبکہ پی آئی اے میں بھی بہت سے اعلیٰ عہدے خالی ہیں جن پر تعیناتی کے لیے حاضر سروس افسران کی تعیناتی کے لیے کام شروع کردیا گیا ہے۔ پی آئی اے میں پہلے سے ہی اہم عہدوں پر پاک فضائیہ اور آرمی کے حاضر سروس افسران کو تعینات کیاہوا ہے جس میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وائس چیف آف ائر اسٹاف ایئرمارشل ارشد ملک کے علاوہ پاک فضائیہ کے افسران کے علاوہ پاک آرمی کے چار افسران کو ڈپوٹیشن پر تعینات کیا گیا ہے ۔ ائر وائس مارشل شعبان نذیر سیدشعبہ ایچ آر کے چیف تھے ، اب انہیں پی آئی اے پریسیشن انجینئرنگ کا سربراہ بنادیا گیا ہے۔ ایئر وائس مارشل نور عباس کو 2 سال کے لیے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا مشیر مقرر کیا گیا ہے ۔ ائرکموڈور خالد الرحمن کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا چیف، ائر کموڈور جبران سلیم بٹ کو پروکیورمنٹ اینڈ لاجسٹکس، ائرکموڈور جواد ظفر چودھری کو بجٹنگ ، ائرکموڈور شاہد قدیر کو کیٹرنگ اینڈ فوڈ سروسز، ونگ کمانڈر حافظ طاہر محمود کو منیجر پروجیکٹس پریسیشن انجینئرنگ ، ونگ کمانڈر محمد عاصم خان کو فنانس میں، ونگ کمانڈر کامران انجم کو ایچ ّآر میں اور فلائٹ لیفٹیننٹ طاہر فاروق کو اے ڈی سی مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ماہر چیف فنانشل آفیسر، چیف ایچ آر اور چیف کمرشل آفیسر کی بھرتی کے لیے اشتہار دیا جائے گا ۔