قومی اسمبلی میں 26 ویں ترمیم کی منظوری خوش آئند ہے‘ اسفند یار

102

پشاور (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی خان نے قومی اسمبلی سے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر قبائلی اضلاع کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترمیم کی منظوری خیبر پختونخوا میں قبائلی اضلاع کے انضمام کی جانب اہم قدم ہے۔ ولی باغ چارسدہ میں نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بل کی منظوری خوش آئند ہے البتہ اس کی ٹائمنگ پر شکوک و شبہات کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا جا سکتا‘ اس اہم آئینی ترمیم کی منظوری سے قبائلی عوام کا احساسِ محرومی ختم کرنے میں مدد ملے گی‘ قبائلی اضلاع کی اسمبلی میں نشستوں میں اضافہ اے این پی کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے تاہم بہتر ہوتا اگر انتخابی شیڈول سے قبل بل پاس کر لیا جاتا اور انتخابات وقت پر ہو جاتے۔ انہوں نے کہا کہ اب گیند الیکشن کمیشن کی کورٹ میں ہے اور الیکشن کمیشن پر قبائلی علاقوں میں انتخابات جلد از جلد کرانے کی بھاری ذمے داری عاید ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس، امریکا جنگ کے بعد پاکستان کی ناکام خارجہ و داخلہ پالیسیوں کا منفی اثر قبائلی عوام پر پڑا جس کے باعث لاکھوں غیور قبائل آج اپنے گھر بار سے محروم ہیں‘ حکومت کو اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔