قبائلی بھائیوں کی ترقی پر سمجھوتا نہیں کریں گے،وزیر خزانہ خیبر پختونخوا

28

پشاور(آن لائن)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کا متفقہ طور پر منظور ہونا نہ صرف قبائلی عوام بلکہ پورے پاکستان کے عوام کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے،وہ دن دور نہیں جب قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات منعقد ہوں گے اور وہاں کے عوام کی تاریخی آواز خیبر پختونخوا اسمبلی میں گونجے گی،پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت سابقہ فاٹا کے عوام سے کیے گئے اپنے وعدوں کو پورا کرے گی اور قبائلی اضلاع کی ترقی اور وہاں کے عوام کی 70 سالہ محرومیوں کے ازالے اور انہیں ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے این ایف سی ایوارڈ میں اپنے حصے میں سے3 فیصد فنڈز فراہم کرے گی، یہاں کے عوام گھاس کھا لیں گے لیکن قبائلی بھائیوں کی ترقی پر سمجھوتا نہیں کریں گے،قبائلی اضلاع میں انفرااسٹرکچر کی بحالی اور وہاں کے عوام کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے تمام صوبوں کو قومی سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے منگل کواپنے ایک بیان میں کہی ۔