تبدیلی صرف نظام مصطفیؐ کے نفاذ سے آسکتی ہے‘ اسد اللہ بھٹو

76
کراچی: ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اسداللہ بھٹو کی زیرصدارت ادارہ نورحق میں اجلاس ہورہا ہے
کراچی: ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اسداللہ بھٹو کی زیرصدارت ادارہ نورحق میں اجلاس ہورہا ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کی بدترین ناکامی کے بعد قوم کی واحد امید جماعت اسلامی ہے‘اپنے دعووں کے برعکس حکمران آئی ایم ایف کے آگے سجدہ ریز ہوچکے ہیں‘ ایف بی آر، اسٹیٹ بینک سمیت تمام ملکی اداروں پر آئی ایم ایف کے نمائندوں کا تقرر اور 6 ارب ڈالر کے عیوض عوام پر مہنگائی کی نئی سونامی مسلط کرنے کی تیاریاں حکمرانوں کی بے حسی اور عوام دشمنی کا ثبوت ہے‘ قرض لینے کے بجائے خودکشی کرنے کے دعویدار وزیراعظم کے تمام دعوے کھوکھلے اور عوام سے کیے گئے وعدے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے کارکنان کے لیے منعقدہ افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی اور قیم کاشف سعید شیخ نے بھی خطاب کیا جبکہ نائب امیر عظیم بلوچ، سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، ناظم تنظیم محمد مسلم، شعبہ تعلیم کے ناظم محمد اسحق منصوری اور ناظم عمومی محمد دین منصوری سمیت دیگر ذمے داران اور کارکنان بھی موجود تھے۔ اسداللہ بھٹو نے مزید کہا کہ سابق حکمرانوں کو غازی ممتاز قادری کو پھانسی دینے کی سزا مل رہی ہے جس کی وجہ سے ایک بھائی جیل میں تو دوسرا لندن کی سڑکوں پر خوار ہو رہا ہے جبکہ موجودہ حکمرانوں کو ناموس رسالتؐ میں گستاخی کرنے والی ملعونہ آسیہ مسیح کو فرار کروانے کی سزا ضرور ملے گی‘9 ماہ کے مختصر عرصے میں جتنی خواری اور بدنامی موجودہ حکومت نے پائی ہے‘ اتنی کسی اور کو نصیب نہیں ہوئی ہے‘ جماعت اسلامی کو جب بھی عوام نے موقع دیا‘ ہم نے ڈلیور کیا ہے‘ سابق کے پی کے سینئر وزیر سینیٹر سراج الحق سے لے کر عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان اس بات کے تابندہ اور درخشدہ ستارے ہیں کہ ہم صرف باتیں نہیں بلکہ عملی طور پر عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کرتے ہیں‘ جماعت اسلامی سیاست کو عبادت جبکہ دیگر پارٹیاں کاروبار سمجھتی ہیں‘ موجودہ حکمرانوں کی ناکامی کے بعد جماعت اسلامی کے کارکنان عوام کے دروازے پر دستک دیں اور اس بات پر آمادہ کریں کہ تبدیلی صرف نظام مصطفیؐ کے نافذ ہونے سے آسکتی ہے‘ بابرکت اسلامی نظام ہی عوام اور ملک کے تمام مسائل کا حل ہے‘ اگر مہنگائی، بیروزگاری، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور غربت و افلاس سے نجات چاہتے ہو تو بار بار آزمانے والوں کو دوبارہ آزمانے کے بجائے عوام اب دیانتدار اور خدمت کا جذبہ رکھنے والے جماعت اسلامی کے نمائندوں کو اپنا نمائندہ منتخب کریں اور کرپٹ، بددیانت حکمرانوں سے اپنی جان چھڑانا ہوگی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے‘ غلبہ دین کے بغیر مہنگائی، بے روزگاری اورکرپشن سمیت تمام مسائل سے نجات ناممکن ہے‘ رمضان نزول قرآن اور اپنے نفس کی اصلاح کا مہینہ ہے‘ روزہ ہماری جسمانی و روحانی طور پر تربیت کرتا ہے‘ فرمایا گیا کہ جس نے بھی ایمان و احتساب کے ساتھ روزے رکھے وہ فلاح پا گیا۔ انہوں نے زور دیا کہ رمضان شریف کے بابرکت مہینے میں روزہ، تراویح اور دیگر نفلی عبادات سمیت اس کی رحمتوں اور برکتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔