بھارت نے 13پاکستانی قیدی رہا کردیے‘حکام کے حوالے

49

لاہور(نمائندہ جسارت)پاکستان کی طرف سے بھارتی قیدیوں کی رہائی کے جواب میں بھارت نے بھی سزائیں مکمل کرنے والے 13 پاکستانیوں کو رہا کردیا ہے۔پاکستان نے گزشتہ ماہ خیر سگالی کے طور پر مختلف مراحل میں360 بھارتی قیدیوں کو رہا کیا تھا۔ بھارت سے رہائی پانے والوں میں9 سویلین جبکہ4 ماہی گیرشامل ہیں۔ ان قیدیوں کو بھارت کی مختلف جیلوں سے رہا کیا گیا ہے۔ رہائی پاکر پاکستانیوں نے جیسے ہی عالمی سرحد عبور کی وہ اپنے وطن کی مٹی پر سجدہ ریز ہوگئے۔ ان میں3 قیدی ایسے ہیں جن کو بھارت میں ویزا کی معیاد ختم ہونے کے باوجود قیام کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان تینوں کے پاسپورٹ ابھی کارآمد تھے جس کی وجہ سے انہیں عارضی سفری دستاویزات نہیں دی گئی ہیں۔پاکستانی قیدیوں کی رہائی میں نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے اہم کردار ادا کیا ہے، ان قیدیوں کو بھارتی حکام نے اٹاری بارڈر پر پاکستانی سفارتخانے کے حکام کے حوالے کیا جس کے بعد انہیں واہگہ بارڈرکے راستے پاکستان لایاگیا۔رہاماہی گیروں کو ایدھی فائونڈیشن کے ذریعے کراچی بھیجا جائے گا۔رہا قیدیوں کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے، انہیں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں رہائی نصیب ہوئی ہے اوراب عید اپنے خاندان کے ساتھ مناسکیں گے۔