ٹڈاپ ہیم ٹیکسٹائل فرینکفرٹ 2020 میں سبسڈی فراہم کرے گی

38

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان(ٹڈاپ) کی جانب سے جنوری 2020میںفرینکفرٹ میںہونے والی ہیم ٹیکسٹائل نمائش میںشرکت کی خواشمند پاکستانی کمپنیوںکو سبسڈی فراہم کی جائیگی۔ہیم ٹیکسٹائل ہوم اور کانٹریکٹ ٹیکسٹائل کی سب سے بڑی عالمی نمائش ہے جو کہ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں 7 سے 10 جنوری 2020 تک جاری رہے گی۔ پاکستان سے گزشتہ برس 222 کمپنیوں نے ہیم ٹیکسٹائل فرینکفرٹ میں شرکت کی جبکہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے پاکستان پویلین کا انعقاد بھی کیا تھا ۔
اور ساتھ ہی ساتھ مختلف کمپنیوں نے انفرادی طور پر اپنی مصنوعات خریداروں کے لئے پیش کیں۔ یہ پاکستان کی جانب سے کسی بھی بین الاقوامی نمائش میں سب سے بڑی شرکت ہے۔ہیم ٹیکسٹائل 2019 میں پاکستانی نمائش کنندگان ہال 10 کے تمام لیولز میں موجود تھے،پریمیم نمائش کنندگان میں گل احمد، الکرم، کمال اور سفائر ہال 10.2 میں موجود تھے۔ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ہیم ٹیکسٹائل 2020 میں ایک بار پھر اس نمائش میں پاکستان پویلین کا انعقاد کرنے جا رہا ہے۔ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے سبسڈی کا اعلان کر دیا ہے، سبسڈی کے بعد 9 اسکوائر میٹر اسٹال کی قیمت 675,000 روپے ہوگی، شرکت کی خواہش مند کمپنیاں 28 مئی 2019 تک اپنی درخواستیں جمع کروا سکیں گی۔