ٹریفک جام پر قابو پانے اور ٹریفک اصلاحات پر ایس ایس پی قابل مبارکباد ہیں، سلیم الدین قریشی

20

حیدرآباد (کامرس ڈیسک) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے سینئر نائب صدر و کنونیئر لاء اینڈ آرڈر سب کمیٹی سلیم الدین قریشی نے حیدرآباد میں آئے دِن بدترین ٹریفک جام پر قابو پانے اور ٹریفک اصلاحات کرنے پر سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس حیدرآباد سرفراز نواز شیخ کے اقدامات پر اُن کی کارکردگی کو سراہا ہے۔موصوف نے، ایس پی چوک، گِدو چوک اور قاسم چوک پر ٹریفک سگنل کی تنصیب کرا کر کافی حد تک ٹریفک کنٹرول پر قابو پالیا گیا ہے ۔
جو قابلِ ستائش عمل ہے۔ اُنہوں نے ایس ایس پی صاحب کی توجہ دُھواں چھوڑتی ہوئی گاڑیوں کی جانب مبذول کرائی جو شہر اور اِرد گرد کے علاقوں میں آلودگی کا سبب بنتی ہیں اور سانس ، بلڈپریشر اور دِل کی بیماریوں کا باعث ہیں۔ اُن کی طرف توجہ دی جائے اور ایسی تمام گاڑیوں کے شہر میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے اور اُن کا چالان کیا جائے تاکہ گاڑی مالکان اِن کے انجنوں کی دُرستی کراکر سڑکوں پر لائیں۔