دشمن کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں

24

لاہور (نمائندہ جسارت) مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ قائد احرار سید عطا المہیمن بخاری ، نائب امیر سید محمد کفیل بخاری اور سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کوئٹہ اور گوادرمیں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دشمن کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں مغربی واستعاری قوتیں ملک میں بدامنی کی فضاپیداکرکے اسے ناکام ریاست ڈیکلیئرکراناچاہتی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ قوم بارگاہِ خداوندی میں خشوع وخضوع کیساتھ توبہ و استغفار اور دعائیںکریں،مظلوموںکی دعائوں سے آسمان وزمین بھی لرز جاتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اپنے ازلی دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے اورملکی مفاد کی خاطر طبقہ واریت اورفرقہ واریت کی جنگ کو ختم کرکے متحد ہوجائیں جبکہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عمل درآمد کرائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی موجودہ دہشتگردی کی لہر میں بیرونی خفیہ ہاتھ ملوث ہیں ۔آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے ذریعے ایسے ہاتھوں کوتوڑناہوگا۔انہوںنے کہاکہ اسلامی نظام کے نفاذسے ہی ملک امن وسلامتی کا گہوارہ بن سکتاہے ملک کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے ہمارے قومی ہیرو ہیں، دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلے حکومت،اپوزیشن اور پوری قوم کو خلوص نیت کیساتھ اپنے ملک کے عسکری اداروں کے شانہ بشانہ کھڑاہونا ہوگا۔