قرآن و سنت کا نظام ہی ملک و قوم کے مسائل کا حقیقی حل ہے

32

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ رمضان نزول قرآن اور اپنی اصلاح واحتساب کا مہینہ ہے۔اس کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا مغفرت اور تیسرا جہنم کی آگ سے نجات کا عشرہ ہے، اللہ نے ان لوگوں کو خوشخبری دی ہے کہ جس نے بھی ایمان واحتساب کے ساتھ اس مبارک ماہ میں روزے رکھے وہ فلاح پاگیا۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے زون 148 میں پانچ روزہ فہم قرآن کلاس کی اختتامی تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مدرس فہم قرآن کلاس ڈاکٹر ساجد اقبال ، سیکرٹری جنر ل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، امیر زون 148 عثمان افضل، سیکرٹر ی زون محمد آصف، علاقہ کی معروف سماجی شخصیت شیخ محمد امین سمیت بڑی تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ اس وقت لوگوں کی اکثریت دین سے دوری کی وجہ سے بے تحاشا مسائل کا شکار ہو چکی ہے۔ اللہ اوراس کے رسولﷺ کے احکامات اور قرآنی تعلیمات پر عمل کرکے مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دین اسلام کے مطابق ملک میں نظام مصطفی ﷺ کا نفاذ ہی ملک و قوم کی ترقی کی راہ ہموار کرے گا اور ملک میں اسلامی قانون کے نفاذسے ہی تمام معاشرتی برائیوں کا خاتمہ یقینی ہو گا اور خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک نہ صرف مسلمانوں کی تربیت بلکہ غریبوں ومسکینوں کے ساتھ ہمدردی وغم گساری کا مہینہ ہے جس میں اپنے ارد گرد موجود غرباومساکین کو اپنی خوشیوں شامل کیا جائے ان کی ضروریات زندگی کے لیے جو کچھ ہو سکے وہ کیا جائے۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ قرآن و سنت کا نظام ہی ملک و قوم کے مسائل کا حقیقی حل اور عوام کے دکھوں کا مداوا ہے جس کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ پاکستانی قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔