کمشنر سکھرکی پلاسٹک بیگس پر پابندی کی تشہیر نہ کرنے پر محکمہ تحفظ ماحولیات پر برہمی

37

سکھر( نمائندہ جسارت) کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو نے نان بائیو ڈی گریڈ ایبل پلاسٹک بیگس پر سندھ حکومت کی جانب سے پابندی کے سلسلے میں بہتر آگاہی نہ پھیلانے پر ادارہ تحفظ ماحولیات سکھر کے افسران پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ہفتوں کے اندر شہر سکھر سمت ضلع بھر میں ہر چھوٹے بڑے دکاندار ہول سیلرز، شہریوں اور تاجروں تک پلاسٹک بیگس کے نقصانات اور پابندی سمیت متبادل بیگس کے استعمال پر آمادہ کرنے کے سلسلے میں آگاہی پھیلائی جائے، 25مئی کے بعد انتہائی سخت ایکشن کیا جائیگا، جس میں ہول سیلرز، دکانداروں اور کسٹمرز کی گرفتاریاں شروع کی جائینگی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے آفس کے کانفرنس روم میں پلاسٹک بیگس پر سندھ حکومت کی جانب سے نافذ پابندی پر عملدرآمد کے سلسلے میں بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں ایڈیشنل کمشنر سکھر اختر حسین قریشی اور ڈی سی سکھر غلام مرتضیٰ شیخ سمیت ادارہ تحفظ ماحولیات سکھر کے افسران، ڈئرریکٹر لوکل گورنمنٹ، اسسٹنٹ کمشنرز، چیمبر آف کامرس اور دیگر تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو نے کہا کہ روز مرہ کے استعمال میں آنے والی پلاسٹک بیگس انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہیں جبکہ یہ ڈرینج سسٹم چوک کرنے کا باعث بنتی ہیںاس لیے سندھ حکومت پلاسٹک بیگس پر مکمل پابندی نافذ ہوئی ہے اس سلسلے میں عوام کا بھرپور تعاون درکار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پلاسٹک بیگس کے استعمال سے گریز کیا جائے اور کپڑے یا کاغذ کے بیگس استعمال کیے جائیں۔ کمشنر سکھرنے ای پی اے افسران کو ہدایت کی کہ چارلی سروس، ایف ایم، سوشل میڈیا اور کیبل کے ذریعے آگاہی پھیلانے کے ساتھ ساتھ ہینڈ بل تقسیم کیے جائیں اور ہر چھوٹے بڑے تاجر، دکاندار اور کسٹمر کو عام پلاسٹک بیگس کی تھیلیاں استعمال کرنے اور فروخت سے روکا جائے، جبکہ نان بائیو ڈی گریڈ ایبل پلاسٹک بیگس کی سپلائی لائن بند کرنی ہے، ہول سیلرز پر بھی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے بائیو ڈی گریڈ ایبل تھیلوں اور کپڑے کے تھیلے تیار کرنے کیلیے ہول سیلرز کو سرسو اور دیگر اداروں سے روابط کروائے جائیں تاکہ پلاسٹک بیگس کے متبادل کیلیے شاپنگ بیگس تیار کرکے مارکیٹ میں متعارف کروائے جاسکیں۔ کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو نے کہا کہ 25مئی کے بعد پلاسٹک بیگس ہول سیلرز، کسٹمرز اور دکانداروں کی گرفتاریاں کی جائینگی، آگاہی مہم میں کائونسلرز اور چیئرمینز سمیت تاجروں اور سول سوسائٹی کا تعاون حاصل کیا جائے۔ کمشنر سکھر نے ای پی اے افسران کو ہدایت کی کہ تاجروں، سرسو، ضلعی انتظامیہ، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر متعلقہ اداروں اور عوام سے قریبی روابط رکھے جائیں تب ہی بہتر نتائج حاصل ہوسکیں گے، جبکہ اب تک ضبط کیے گئے پلاسٹک بیگس کے اسٹاک کو تلف کیا جائے۔