لاڑکانہ پولیس کی کارروائی،موٹرسائیکل چور گروہ کے دو کارندے گرفتار

59

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود بنگش نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مخفی اطلاع پر اے ایس پی محمد کلیم نے کارروائی کر کے موٹر سائیکل چوری کرنے والے گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں ایک موٹر سائیکل کا ماہر ٹیکنیشن ہے جن کے پاس سے ماسٹر چابی دیگر آلات برآمد ہوئے ہیں، ملزمان کی نشاندہی پر چوری شدہ تیس موٹر سائکلیں برآمد ہوئی ہیں جو کہ ان شہریوں کو لوٹا دیں ہیں جن کی چوری ہوئی تھیں۔ دوسری جانب آئی جی سندھ کے احکامات پر ایس ایس پی مسعود بنگش نے اپنے دفتر میں خواجہ سراؤں کے وفد سے ملاقات کی، ملاقات میں خواجہ سراؤں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے ہنر مندی کی تربیت دینے پر بات چیت کی گئی۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ جلد ضلع بھر کے چار سو خواجہ سراؤں کو نیوٹیک کے ذریعے مرحلہ وار ہنر کی تربیت دی جائے گی، ہنر حاصل کرنے والے خواجہ سراؤں کو ہر ماہ چار ہزارروپے وظیفہ دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں شہر میں قائم پولیس فیسیلی ٹیشن سینٹر میں خصوصی ڈیسک قائم کرنے کی ہدایات کی جا چکی ہے جہاں خواجہ سرا اپنے مسائل حل کروا سکیں گے۔ اس حوالے سے لیڈی سب انسپکٹر غلام بتول کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ تربیت سے قبل تمام خواجہ سراؤں کی ایچ آئی وی اور ہیپاٹائٹس کی تشخیص بھی ہوگی۔