دکھی انسانوں کی خدمت انسانیت کی معراج ہے،ڈاکٹرخالدمحمود خان

26

راولاکوٹ( پ ر)جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیرکے امیر ڈاکٹرخالد محمود خان نے کہاہے ڈاکٹرز مسیحا کی حیثیت سے مریض کی جسمانی بیماریوں کے ساتھ روحانی بیماریوں کا علاج بھی کریں۔دکھی انسانوں کی خدمت انسانیت کی معراج ہے،جماعت اسلامی نے ٹریڈیونینز اس لیے قائم کی تھیں کہ ہر شعبہ زندگی میں دعوت کاکام کیا جائے اور مخلوق خدا کو اللہ کے در سے آشنا کیاجائے،پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن جماعت اسلامی کے ویثرن 2030ء میں رنگ بھرنے کے لیے اپنے حصے کا کام کرے،کشمیرکی آزادی اور بیس کیمپ کی خوشحالی ہمارا ویثرن ہے،ان خیالات کا اظہارانہوںنے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام افطارڈنر میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر صادق ،ڈاکٹر عثمان اور دیگر قائدین نے خطا ب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ اس ماہ مقدس سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے یہ نزول قرآن کامہینہ ہے ،قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کیا جائے،قرآن کو ترجمے کے ساتھ پڑھا جائے اس پر عمل کیاجائے اور اس کاابلاغ کیا جائے،نبی ﷺکی سب عظیم سنت دعوت ہے ،اللہ کی طرف دعوت دی جائے ، جماعت اسلامی انبیاء کے مشن کی علمبردار ہے۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر قابض بھارتی افواج اس مقدس ماہ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے کشمیریوںپر مظالم ڈھارہی ہے ہمارے کشمیری بھائیوں کو اس مقدس ماہ میں عبادات کی اجازت نہیں ہے، کریک ڈائون کیے جارہے ہیں،عالمی اور اسلامی برادری کو اس کا سخت نوٹس لینا چاہیے،انھوںنے کہاکہ جیلوں کے اندر بھی کشمیریوںسے ناروا سلوک روارکھا جا رہا ہے،بھارت نے کشمیرکے اندر میڈیا اور ذرائع ابلاغ پر پابندی لگارکھی ہے تاکہ مظالم سے دنیا کو بے خبر رکھا جائے۔انہوںنے کہاکہ کشمیریوںنے لازوال قر بانیاں پیش کیں وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے ، کشمیریوںنیبھارت کے نان نہاد انتخابات کابائیکاٹ کرکے ریفرنڈم کردیاہے،اقوام متحدہ کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے اور اپنے عہد کے مطابق کشمیریوںکو ان کا حق دلانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔