حیدرآباد‘ راجپوتانہ اسپتال کے برطرف ملازمین کا انتظامیہ کیخلاف احتجاج

123
حیدرآباد ،راجپوتانہ اسپتال کے برطرف ملازمین پریس کلب کے سامنے بحالی کے لیے مظاہرہ کررہے ہیں
حیدرآباد ،راجپوتانہ اسپتال کے برطرف ملازمین پریس کلب کے سامنے بحالی کے لیے مظاہرہ کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)راجپوتانہ اسپتال حیدرآباد کے برطرف ملازمین نے اسپتال کی بے حس انتظامیہ کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ راجپوتانہ اسپتال کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کرکے برطرف کیے گئے ملازمین کو فی الفور بحال کیاجائے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عنایت لاشاری‘ محمد علی عمران علی‘ ساگر علی ودیگر نے بتایا کہ راجپوتانہ اسپتال انتظامیہ نے بلا جواز بغیر نوٹس دیے دو سو سے زائد ملازمین کو جبری طور پر ملازمت سے برطرف کردیا ہے جن میں خاکروب وارڈ بوائے چوکیدار‘ لیب ٹیکنیشن‘ دائیاں ودیگر عملہ شامل ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے اس سے قبل بھی چالیس ملازمین کو غیر قانونی طور پر ملازمت سے نکال دیا تھا اور مزید افراد کو بے روز گار کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جو کہ سراسر ناانصافی اور زیادتی ہے۔ انہوںنے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ راجپوتانہ سپتال کی انتظامیہ کے خلاف فی الفور کارروائی کرکے برطرف کردہ غریب ملازمین کو بحال کراکے انصاف فراہم کیاجائے ۔