حیدرآباد‘ قبرستان میں تجاوزات کیخلاف آپریشن‘ قابضین کا عملے پر حملہ

76

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)لطیف آباد یونٹ نمبر 10قبرستان سے غیرقانونی تجاوزات کیخلاف کارروائی کے دوران علاقہ میدان جنگ بن گیا،جرائم پیشہ لینڈمافیا کا قابضین کے ہمراہ بلدیہ عملے پر پتھروں اورڈنڈوں سے حملہ،عملے سے ہتھوڑے ،باریاں ودیگر سامان چھین لیا،عملے کی گاڑی کو نقصان ،بلدیہ انسدادتجاوزات سیل نے حملہ آورمحمد بخش عرف بارہ بلوچ سمیت دیگر کے خلاف رپورٹ درج کرادی۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان ،سندھ ہائی کورٹ سمیت ماتحت عدلیہ ووزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت ضلعی انتظامیہ کے احکامات کی روشنی میں لطیف آباد یونٹ نمبر10میں بسمہ اللہ سٹی قبرستان کی اراضی پر بااثر افراد کے قبضے اورغیرقانونی تجاوزات کے خاتمے کیلیے بلدیہ عملے کی کارروائی کے دوران علاقہ میدان جنگ بن گیا،جرائم پیشہ لینڈمافیا نے قابضین کے ہمراہ عملے پر پتھرائواورڈنڈوں سے حملہ کرکے کارروائی نہیں کرنے دی،لطیف آباد یونٹ نمبر10میں بسمہ اللہ سٹی سے متصل قدیم قبرستا ن کی اراضی پر لینڈمافیا اورجرائم پیشہ افراد نے قبضہ کرکے رہائشی تعمیرات اورغیرقانونی تجاوزات قائم کررکھی ہیں جبکہ پیر کے روز بااثر قابضین کی جانب سے قبرستان کی اراضی پر مزید تعمیرات کرنے کی کوشش جارہی تھی کہ اینٹی انکروچمنٹ سیل لطیف آباد کا عملہ انچارج شکیل احمد کی سرکردگی میں وہاں پہنچ گیا ،اورتعمیر کی گئی تجاوزات کو مسمار کرنے کیلیے کارروائی شروع کی تو قابضین اورقبرستان سمیت متصل دریائے سند ھ کے اندر سرکاری زمینوں پر قبضوں میں ملوث جرائم پیشہ لینڈمافیا نے عملے پر پتھرائو شروع کرتے ہوئے ڈنڈوں سے عملے پر دھاوا بول دیا اورعملے سے ہتھوڑے،باریاں اوردیگر سامان چھین لیاجبکہ اینٹی انکروچمنٹ سیل لطیف آباد کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا ، شدید ہنگامہ آرائی اورغنڈہ گردی کے باعث بلدیہ عملہ کارروائی مکمل نہیں کرسکا،واقع کی اطلاع متعلقہ تھانے بی سیکشن کو دی گئی جہاں پولیس نے انچارج شکیل احمد کی مدعیت میں محمد بخش عرف بارہ بلوچ نامی شخص سمیت دیگر نامعلوم افراد کے خلاف رپورٹ درج کرلی،معلوم ہوا ہے کہ بی سیکشن پولیس نے لینڈمافیا سے ملی بھگت کرکے ایف آئی آر درج کرنے کے بجائے رپورٹ سادے رجسٹرمیں درج کی ہے اوردرج کی گئی رپورٹ میں پولیس کو موقع پر پہنچ کر جھگڑاختم کرانے سے متعلق لکھا گیا ہے ،بلدیہ عملے کی بی سیکشن تھانے پرفریاد داخل کرانے کے موقع پر تھانے کے باہر بدنام زمانہ عارف بلڈرز کا دست راست ناصر پٹھان بھی موجو درہا جوکہ پولیس کو ہدایات جاری کرتا رہا ،ناصر پٹھان عارف بلڈرز کیلئے سرکاری زمینوں پر قبضے اورعارف بلڈرز کیلئے غریب افراد سے مکانات خالی کرانے کے حوالے سے خاص شہرت اورپولیس اوردیگر اداروں میں اعلیٰ اثرورسوخ رکھتا ہے ۔