بدین کی ایکس سلانی نہر میں دس برس سے پانی کی فراہمی بند ،آبادگارپریشان

33

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)بدین کی ایکس سلانی نہر میں دس سال سے پانی کی فراہمی بند ہے جس کی وجہ سے بدین کے آخری سرے پر آباد گاروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ہزاروں ایکٹر زرعی زمین بنجر ہوگئی ہے ۔ان خیالات کااظہار آباد گار رہنما نصر اللہ جروار‘ پیاو آرائیں‘ غلام عباس چانڈیو‘ مٹھو خان ‘ رسول بخش آرائیں نے سیڈا کے دفتر کے باہر قائم کیے گئے احتجاجی کیمپ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے واضح کیا کہ پانی کی سپلائی نہ ہونے تک احتجاجی دھرنا جاری رکھیں گے۔ انہوںنے کہاکہ دس سال سے بدین کی ایکس سلانی نہر کو پانی کی سپلائی بند ہے جس کی وجہ سے بدین کے آخری سرے کے آباد گاروں کو پانی نہیں مل رہا اور ہزاروں ایکٹرز رعی زمین بنجر ہوچکی ہے پانی کی شدید قلت کی وجہ سے علاقے کے افراد معاشی بدحالی کا شکار ہوگئے ہیں اور وسیع پیمانے پر لوگ دوسرے شہروں میں منتقل ہورہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ منتخب نمائندے ووٹ لے کر اس طرف کا رخ نہیں کرتے۔ انہوںنے کہاکہ اگرفوری طور پر پانی کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو دھرنا جاری رہے گا۔