حکومت نے اپنے لوگوں کو بچانے کیلیے ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا،اسماعیل راہو

69

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو نے ایمنسٹی اسکیم پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے خود اس کی صفوں میں بیٹھے مجرموں کو بچانے کے لیے ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا ہے، 16 اپریل 2018ء کو عمران خان نے ن لیگ کے دور میں ایمنسٹی اسکیم مسترد کی تھی، اب خود ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کردیا۔ انہوں نے منگل کو اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ خان صاحب کو اقتدار میں لانے والے بھی اب ان پر اعتبار نہیں کریں گے کیوں کہ کٹھ پتلیوں نے سنچری سے بھی اوپر یوٹرن لیے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان آپ کو مبارک ہو پرانے پاکستان کی حکومتوں کے منصوبوں اور کاموں پر عمل کررہے ہیں۔وزیراعظم نے گزشتہ برس 16اپریل کو پریس کانفر نس میں کہاتھا کہ ایمنسٹی اسکیم مجرموں کو بچانے کی کوشش ہوگی،اب تو سب نے دیکھ لیا کہ کس نے مجرموں کو بچا لیا ہے۔محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ عوام اب خان صاحب کی پارٹی کو’’ یوٹرن انصاف پارٹی‘‘ کے نام سے پکاریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کے پاس پہلے ہی گندم موجود ہے، وفاق نے گندم خریدنے کے لیے سندھ حکومت کو پیسے نہیں دیے، وفاق نے سندھ کو 150 ارب دینے ہیں، فلورملز کو گندم کی سپلائی جاری ہے،کسی کو بھی اگر گندم چاہیے تو اس کو سندھ حکومت سرکاری قیمت پر گندم دینے کو تیار ہے۔