مزدوروں کے علاج معالجے میں کوتاہی برداشت نہیں،غلام مرتضیٰ بلوچ

33

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے محنت اور افرادی قوت غلام مرتضیٰ بلوچ نے کہا ہے کہ وہ مزدوروں کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔ محکمہ محنت سندھ مزدوروں کو علاج، تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں متعدد اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کلثوم بائی ولیکا اسپتال کے اچانک دورے کے موقع پر کہی۔ صوبائی وزیر محنت نے اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ ، لیبارٹری ، سٹی اسکین سینٹر ، پیڈز وارڈ سمیت مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کا بھی جائزہ لیا۔ وزیر محنت و افرادی قوت غلام مرتضیٰ بلوچ نے اسپتال میں جاری ترقیاتی کام کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پرمیڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے صوبائی وزیر محنت کواسپتال میں جاری ترقیاتی کام کے متعلق آگاہی دی۔ صوبائی وزیر محنت اور افرادی قوت غلام مرتضیٰ بلوچ نے میل ڈاکٹرز اور اسٹاف کا ایپرن نہ پہننے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے انہیں شو کاز نوٹس دینے کی ہدایات کی۔ علاوہ ازیں وزیر محنت نے اسٹور پر بیٹھے ہوئے مریضوں کو ادویات کی فراہمی میں تاخیر پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو اسٹور انچارج کو شو کاز دینے کی بھی ہدایت کی۔ دورے کے موقع پر صوبائی وزیر محنت نے اسپتال میں داخل مریضوں میں راشن بھی تقسیم کیا۔