رمضان المبارک میں بھی پانی کی فراہمی معمول پر نہ آسکی

40

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ شہر کے نارتھ کراچی ، گلبہار وحید آباد ، النور سوسائیٹی فیڈرل بی ایریا اوراورنگی ٹاؤن کے بعض سیکٹر میں ایک ایک ہفتے کے وقفے کے بعد بھی پانی فراہم کرنے میں ناکام،جس کی وجہ سے صارفین کو بھاری قیمت پر ٹینکروں کے ذریعے پانی حاصل کرنا پڑرہا ہے۔ متعلقہ علاقوں کے لوگ رمضان المبارک میں پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے پریشان ہیں۔ غریب عوام پارٹی کے سیکرٹری جنرل ارشد حسین غریب نے کہا ہے کہ ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ کے اقدامات تو اطمینان بخش ہیں مگرنچلی سطح پر ایگزیکٹو انجینئر ، سب انجینئرز اور والو مین کی من مانیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کی وجہ سے پانی کی قلت پائی جاتی ہے۔ فیڈرل بی ایریا النور سوسائٹی کے سماجی کارکن و صحافی شعیب خان کا کہنا ہے کہ ایم ڈی واٹر بورڈ نے علاقے میں پانی کی قلت متعلقہ عملے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کا تبادلہ بھی کردیا ہے مگر پرانا والو مین غیر سرکاری طور پر علاقے کے والو سسٹم پر کنٹرول کیے ہوئے ہے۔ نارتھ کراچی میں رہائش پزیر صحافی محمد اجمل کا کہنا ہے کہ علاقوں کو یومیہ پانی سپلائی کرنے کا دعویٰ تو کیا جارہا ہے مگر نارتھ کراچی سیکٹر الیون اے اور بی کو 12 روزسے پانی نہیںملا۔ انہوں نے ایم ڈی واٹر بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ نارتھ کراچی سیکٹر 11 اے اور بی کو بھی پانی فراہم کرنے کے لیے سخت حکم جاری کریں۔