ملک بھر کے 44 کنٹونمنٹس میں پہلی مرتبہ’’سی بی کیئر‘‘ نظام رائج

57

اسلام آباد (اے پی پی) وزارت دفاع کے ذیلی ادارے ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمٹس (ایم ایل سی) کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل سید حسنات عامر گیلانی نے کہا ہے کہ راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر کے کنٹونمنٹس میں پہلی مرتبہ ایک مربوط ’’سی بی کیئر‘‘ نظام رائج کر دیا گیا ہے، تمام کنٹونمنٹس میں ون ونڈو آپریشن کے تحت ڈیتھ، میرج سرٹیفکیٹس،رہائشی کمرشل نقشہ جات ،ٹیکسز سے متعلق امور ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جارہے ہیں، سی بی کیئر نظام کو وزیراعظم سیٹزن پورٹل سے منسلک کیا گیا ہے، گوادر کنٹونمنٹ کی حدبندی ابھی تک نہیں کی گئی،ملٹری اسٹیٹ سیکشن آئندہ سال سے قائم ہو جائے گا۔ وہ منگل کو قائمہ کمیٹی دفاع کے اجلاس میں کنٹونمنٹس کے امور سے متعلق بریفنگ دے رہے تھے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی دفاع کا اجلاس چیئرمین کمیٹی امجد علی خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا ۔سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) اکرام الحق ،ایڈیشنل سیکرٹری وزارت دفاع میجر جنرل (ر) محمد امتیاز ،ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹس میجر جنرل حسنات عامر گیلانی ،اراکین کمیٹی اجلاس میں شریک تھے ۔ قائمہ کمیٹی دفاع نے سفارش کی ہے کہ تمام صوبے ساتویں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ سے کنٹونمنٹس کو بھی اس کا مقررہ حصہ دیں، وفاق کی جانب سے کنٹونمٹس کے لیے سالانہ گرانٹ بھی بحال کی جائے، ملک بھر کے کنٹونمنٹس میں تعمیر و ترقی ،عوامی خدمت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ،کنٹونمنٹس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔ڈی جی ایم ایل سی میجر جنرل حسنات عامر گیلانی نے ملک بھر کے کنٹونمنٹس میں رائج سی بی کیئر نظام کے حوالے سے ویڈیو پریذنٹیشن دی ،کمیٹی کے اراکین نے شہریوں کی آسانی اور سہولت کے لیے شروع کیے جانے والے سی بی کیئر سسٹم کو خوش آئند قرار دیا اور اس نظام کو رول ماڈل کے طور پر دیگر اداروں میں بھی رائج کرنے کی سفارش کی ۔