لاہو ر ہائیکورٹ :خادم رضوی،پیر افضل قادری کی ضمانتیں اور معافی منظور ،رہائی کا حکم

45

لاہور(آئی این پی)خادم رضوی اور پیر افضل قادری کی ضمانتیں اور معافی منظور،رہائی کا حکم۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی اور مرکزی رہنما پیر افضل قادری کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ہائیکورٹ کے جسٹس قاسم علی خان اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دو رکنی بنچ نے خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کی درخواست ضمانتوں کی سماعت کی۔عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ٹی ایل پی کے دونوں رہنمائوں کی درخواست ضمانت 15جولائی تک منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ ہائی کورٹ نے درخواست گزاروں کو پانچ پانچ لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ ہائیکورٹ نے ملزمان اور استغاثہ کے دلائل مکمل ہونے پر 10 مئی کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔واضح رہے کہ خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری سمیت لبیک پارٹی کے اہم رہنمائوں کے خلاف بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمات درج ہیں۔ گزشتہ دنوں ہی پیر افضل قادری نے ججز اور فوج کے خلاف متنازع تقریر پر معافی مانگتے ہوئے تحریک لبیک چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔دونوں رہنمائوں نے معافی نامے بھی عدالت میں جمع کرائے۔