اضافی حج کوٹے کیلیے پرائیویٹ حج گروپ 2دھڑوں میں تقسیم

63

اسلام آباد (اے پی پی) حج2019ء کے اضافی کوٹے کی الاٹمنٹ کے لیے پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزر2گروپوں میں تقسیم ہوگئے، وزارت مذہبی امور کی سست روی سے سعودی عرب سے ملنے والا 16000 افراد کا اضافی کوٹہ اب تک تقسیم نہیں ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت ابھی تک کوٹے کی تقسیم کا مرحلہ مکمل نہیں ہو سکا۔ وزارت نے پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز سے بعض کوائف طلب کیے تھے جن کمپنیوں نے وہ دستاویزات وزارت مذہبی امور میں جمع کرادی ہیں ان کو کوٹہ الاٹ
کردیا گیا ہے تاہم جو کمپنیاں دستاویزات جمع کرانے کی مہلت بڑھانے کے باوجود پوری نہیں اتر سکیں انہیں تاحال کوٹہ جاری نہیں کیا جاسکا۔ سعودی عرب کی طرف سے حج 2019ء کے لیے اضافی 16 ہزار افراد کا کوٹہ دیا گیا ہے ، وزارت کی سست روی سے یہ کوٹا تاحال تقسیم نہیں کیا جا سکا ،60 اور 40 کے تناسب سے سرکاری اور پرائیویٹ اسکیموں میں یہ کوٹہ تقسیم کیا جانا تھا مگر فیصلے میں تاخیر سے پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کمپنیوں نے اس معاملے کو متنازع بنا دیا ہے اور انہوں نے اس سلسلے میں عدالت سے رجوع کرلیا ہے جس میں انہوں نے یہ موقف اختیار کیا کہ اضافی کوٹہ 60اور40 کے تناسب کے تحت تقسیم کرنے کے بجائے صرف پرائیویٹ حج اسکیم کو ملنا چاہیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزرز میں بھی 2 گروپ بن چکے ہیں، ان میں سے ہر ایک کا یہ مطالبہ ہے کہ16 ہزار کا اضافی کوٹہ صرف انہیں دیا جائے، 2005ء سے حج آپریشن میں شامل کمپنیوں کا مطالبہ ہے کہ اضافی کوٹے پر صرف ان کا حق ہے جبکہ 2012ء میں رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں کا مطالبہ ہے کہ اضافی کوٹہ صرف انہیں الاٹ کیا جائے، اب عدالتی فیصلے پر منحصر ہے کہ اضافی حج کوٹہ کا فیصلہ کیسے کیا جائے گا۔