علیم خان کی ضمانت منظور ہوگئی

87

لاہور ہائی کورٹ نے سابق صوبائی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 10، 10 لاکھ روپے کے 2 مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے علیم خان کی جانب سے ضمانت کے لیے دائر کردہ درخواست پر سماعت کی۔سماعت میں عدالت کے استفسار پرقومی احتساب بیورو (نیب) پراسیکیوٹر نے آگاہ کیا کہ علیم خان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہیں، اس دوران نیب پراسیکیوٹر نے آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام پر گواہوں کے بیانات پڑھ کر سنائے۔

عدالت میں دلائل دیتے ہوئے نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ علیم خان نے زمین کی قیمت کم ظاہر کی جس پر جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ یہ سب تو علیم خان نے گوشواروں میں لکھ دیا تھا۔

نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ علیم خان کو بیرون ملک سے رقم موصول ہوئی تھی جس سے یہ زمین خریدی گئی وہ ذرائع آمدن قانونی نہیں تھے۔بعدازاں فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔اورکچھ دیر بعد فیصلہ سناتے ہوئے علیم خان کی درخواست ضمانت منظور کرلی اور انہیں 10، 10 لاکھ روپے کے 2 مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔